Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان حج والنٹیئر گروپ کے وفد کی سفیر پاکستان سے ملاقات

امسال 1700رضاکار عازمین حج کی خدمت کریں گے، تیاریوں کا آغاز کردیا گیا
 
ریاض (ذکاء اللہ محسن)پاکستان حج والنٹیئرز گروپ ریاض کے وفد کی سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق سے ملاقات ہوئی جس کے دوران سفارتخانہ کی جانب سے حج والنٹیئرز گروپ کی سرگرمیوں کو سراہا گیا اور اس نیک کام میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان حج والنٹیئرز گروپ ریاض کے سینیئر ارکان ابرار تنولی، انجینیئر یوسف اسماعیل ، اشتیاق احمد اور عبداللہ پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کی بطور سفیر پاکستان تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حج والنٹیئرز گروپ کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس سال اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے پاکستان حج والنٹیئرز گروپ نے سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے اور ان شاء اللہ تقریباً 1700 رضاکار حج کے دنوں میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت، تربیت اور مدد کیلئے تیار ہوںگے۔ 
پاکستان حج والنٹیئرز گروپ گزشتہ 6 سال سے حجاج کی خدمت میں پیش پیش ہے۔سفیر پاکستان نے پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کی سرگرمیوں اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے جذبے کو سراہا اور حج گروپ کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لانے کی ضرورت پر ضرور دیا۔ سفیر پاکستان نے سعودی قوانین کے مطابق سفارتخانہ کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر نائب سفیر حسن وزیر نے حج کے دوران رضاکاروں کی ضرورت اور سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے تعاون پر روشنی ڈالی۔ 
 
 
 
 

شیئر: