Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں تربیتی کیمپ کی رونق معدوم،13کھلاڑی غیر ملکی لیگز میں مصروف

لاہور: پاکستانی ٹیم کے13کھلاڑی اس وقت مختلف غیر ملکی لیگز سے معاہدے کرکے کھیل میں مصروف ہیں یا ان کے لیگز مقابلے شروع ہو نے والے ہیں اس صورتحال کے پیش نظر کرکٹرز کے لئے لاہور میں تربیتی کیمپ لگانے کا منصوبہ بھی ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے۔ کرکٹ بورڈ کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان واپسی کا انتظار تھا جو چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام پر جنوبی افریقہ چلے گئے تھے۔ان کی آمد کے بعد اس منصوبے کو حتمی شکل دی جانی تھی۔مکی آرتھر لاہور پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے ٹیم انتظامیہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے تاہم اہم کرکٹرز کی عدم موجودگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں قومی کرکٹرز کا کیمپ لگانے کی تجویز پر عملدرآمد روک دیا۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے 13کھلاڑی انگلینڈ میں کاﺅنٹی کرکٹ، ویسٹ انڈیز میں کیر یبین لیگ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصرو ف ہیں یا ہونے والے ہیں اس لئے نیا کیمپ نہ لگانے کی تجویز پر اتفاق ہوا ہے تاہم پہلے سے جاری ہائی پر فارمنس کیمپ کو مقررہ وقت تک جاری رکھا جائے گا۔ اب مکی آرتھر اور غیر ملکی کوچز پاکستانی کوچز کے ساتھ مل کر ہائی پر فارمنس کیمپ کے بارے میں حکمت عملی بنائیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بعد جو کھلاڑی بیرون ملک نہیں انہیں ہائی پر فارمنس کیمپ میں مدعو کرکے ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ فارغ پاکستانی کرکٹرز کو فوراً کیمپ میں بلایا جارہا ہے تاکہ مسلسل آرام سے یہ کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار نہ ہو جائیں۔ مکی آرتھر نے ہارون رشید،انضمام الحق اور مدثر نذر کے ساتھ میٹنگ میں ہائی پر فارمنس کیمپ کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز پر بات کی ہے۔

شیئر: