Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں ’’القرآن الکریم‘‘نمائش، 154کلو گرام وزنی نسخہ بھی شامل

مدینہ منورہ(یوسف بلوچ) مسجد نبوی شریف کے پہلو میں"القرآن الکریم "نمائش نے زائرین ، مدینہ منورہ کے شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں کے حلقوںمیں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ یہ نمائش کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن، مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ، کنگ عبدالعزیز اکیڈمی، کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری، کنگ سعود اور کنگ عبدالعزیز جامعات کے تعاو ن سے ہو رہی ہے۔ اس میں قرآن پاک کے نایاب قلمی نسخے سجائے گئے ہیں۔ بعض نسخے ہرن کی کھال پر تحریر ہیں۔ کئی نسخے مشرق و مغرب کے ماہر خطاطوں کی کاوشوں کا ثمر ہیں۔ بعض نسخے معروف خوش نویس الحافظ عثمان کے ہاتھ کے لکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے قرآن پاک کے 106نسخے اپنے ہاتھ سے لکھے تھے۔ 107واں نسخہ تحریر کرتے وقت وفات پا گئے تھے۔ نمائش میں ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک کا سب سے بڑا نسخہ 154کلو گرام وزن کا ہے۔ اسے 200برس قبل افغانستان کے غلام محی الدین نے لکھا تھا۔ قرآن پاک کا یہ نسخہ افغانستان سے مدینہ منورہ 4اونٹوں پر رکھ کر لایا گیا تھا۔ یہ ڈیڑھ میٹر لمبا ہے۔ اس کا عر ض ایک میٹر ہے۔ ہر صفحہ کے زیریں حصے میں فارسی زبان میں ترجمہ تحریر ہے۔ نمائش 12ہالوں میں لگائی گئی ہے۔ عربی ، انگریزی، فرانسیسی ، فارسی، اردو، انڈونیشی، ترکی، پشتو او رملائیشیائی زبانوں کے مترجم نمائش میں پیش کئے جانے والے قرآن پاک کے نسخوں کے تعارف کیلئے تعینات ہیں۔ روزانہ کثیر تعداد میں لوگ نمائش دیکھنے کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ حج موسم کے دوران روزانہ 10ہزار تک زائرین نمائش دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ اب تک 150ممالک کے زائرین نمائش دیکھ چکے ہیں۔ نمائش کا مقصد قرآن پاک کا عصری انداز میں تعارف کرانا ہے۔ قرآن پاک کی زبان سیکھنے سکھانے کی تحریک بھی ا س کاایک ہدف ہے۔ یہاں جدید انداز میں قرآن پاک کی تاریخ پیش کی گئی ہے۔ قرآن کریم سے متعلق سعودی خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ نمائش کے انچارج حمزہ عبدالکریم ہیں۔مدینہ منورہ میں القرآن الکریم نمائش ہال میں سجائے گئے کتاب الہی کے 2اہم نسخے ایک عہدیدار نایاب قلمی نسخے کا تعارف بھی کرا رہا ہے

شیئر: