Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار مستعفی،بحران سنگین

پٹنہ۔۔۔۔وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمارنے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے اور کہا کہ میرے لئے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ان کے استعفے کے بعد بہار میں بحران مزید سنگین ہوگیا ۔ استعفیٰ دینے کا فیصلہ بدھ کی شام جنتادل یو کے ارکان اسمبلی کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ نتیش نے اپنا استعفیٰ گور نر کیسری ناتھ ترپاٹھی کو بھیج دیا۔ ارکان اسمبلی نے اس سے پہلے اجلاس میں حکومت چھوڑنے کے نتیش کے فیصلے کی توثیق کردی تھی۔نئے فیصلے سے لالویادو کی جماعت راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ ان کے اختلافات میں خلیج واضح ہوگئی ہے۔ واضح ہوکہ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے خلاف کرپشن کے الزامات کے بعد دونوں پارٹیوں میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ نتیش نے بعد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بہار کے مفاد میں استعفیٰ دیا ۔ جب سے آر جے ڈی رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے الزامات لگے تھے ہم ان سے کہہ رہے تھے کہ کم سے کم الزامات کی وضاحت تو کرتے۔ میں نے تیجسوی سے بھی کہاکہ وہ وضاحت کریں لیکن ایسا نہیں ہوا۔ہم نے گٹھ بندھن دھرم کو بچانے کی کوشش کی لیکن اب میرا ضمیر مزید کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اس معاملے پر میں نے راہول گاندھی سے بھی بات کی اور ان سے کہا تھا کہ مسئلے کا حل نکالیں۔ اس لئے میں نے خود کو الگ تھلگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا استعفیٰ گورنر نے تسلیم کرلیا۔

شیئر: