Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ کی سرنگوں میں ڈیرہ ڈالنا خطرناک ہوسکتاہے، عازمین ہوشیار رہیں

اپنے موسسہ اورمعلم کے نام کے علاوہ مکتب نمبر کو ہمیشہ یاد رکھیں، جس ہوٹل میں آپ کا قیام ہے اس کا نام ، فون نمبر اور پتہ نوٹ کرلیں
 
مکہ مکرمہ میں محکمہ شہری دفاع نے تمام عازمین سے اپیل کی ہے کہ  وہ سرنگوں میں بیٹھنے  یا ڈیرہ ڈالنے سے اجتناب کریں کہ ان میں مضر صحت گیس ہوسکتی ہے۔معمر عازمین کے  علاوہ  خواتین اور بچوں کو  مناسک کی ادائیگی کیلئے سہولت  پیداکریں کہ حج دراصل ایثار و  قربانی کا  دوسرا نام ہے۔  عازمین کو چاہئے کہ  وہ  اپنے مسلمان  بھائیوں کے لئے  وہی کچھ پسند کریں جو  وہ خود  اپنے لئے پسند کرتے ہیں۔
 
 محکمہ شہری دفاع کے  اہلکاروں نے کہا کہ مکہ مکرمہ  اور  مشاعر مقدسہ میں  موجود  اہلکار اور سیکیورٹی  فورس دراصل  عازمین کی خدمت  اور  انہیں  سہولت فراہم کرنے کیلئے متعین کئے گئے ہیں۔  ان کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے کہ  یہ  اہلکار  عازمین کی  سلامتی کے حریص ہیں۔ محکمہ شہری  دفاع نے عازمین کو  ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ  عازمین  طواف  اور  دیگر مناسک کی  ادائیگی کے  دوران دھکم پیل سے اجتناب کریں اور  شعائر کی  ادائیگی میں  جلد بازی نہ کریں۔
 
  جو  سرنگیں گاڑیوں کیلئے مختص ہیں  ان میں  پیدل سفر کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ ان سرنگوں کا رخ کریں جو  پیدل سفر کرنے  والوں کیلئے مختص ہیں۔ اپنے موسسہ، معلم کے نام کے علاوہ مکتب نمبر کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ جس ہوٹل میں آپ کا قیام ہے  اس کا نام ،  فون نمبر اور  پتہ نوٹ کرلیں۔من
 
یٰ میں  اپنے خیمے کا  نمبر یاد  رکھیں اور خیمے کے  قریب  واضح علامتوں کو ذہن میں محفوظ کرلیں۔منیٰ میں  شاہراہوں اور  سڑکوں پر بیٹھنے سے اجتناب کریں کہ سڑکوں پر بیٹھنے سے  حادثات  رونما ہوسکتے ہیں۔دھوپ اور بارش سے محفوظ کرنے  والی چھتری کا  استعمال ضروری ہے،  اسے  ہمیشہ اپنے  ساتھ رکھیں۔
 
مکہ مکرمہ ، منیٰ اور  مشاعر  مقدسہ میں حکومت نے آپ کی  سہولت  اور آسانی کیلئے  تمام اسباب فراہم کررکھے ہیں  اس لئے  ان حکومتی  املاک کی  حفاظت کیجئے۔ بسوں میں  سوار ہوتے اور اترتے وقت اپنی  سلامتی کا خاص خیال رکھیں۔ ہنگامی  حالات کے  وقت ا مدادی گاڑیوں کیلئے  راستہ کھلا رکھیں۔ 
 
مکہ مکرمہ، منیٰ  اور  مشاعر مقدسہ میں جہاں بھی آپ کا قیام ہو  وہاں فائر فائٹنگ سسٹم کی  موجودگی ضروری ہے۔  آگ بجھانے کے آلات کے  رکھنے کی  جگہ معلوم کرلیں۔ اس بات کا بھی علم حاصل کرلیں کہ  ہنگامی حالات میں نکلنے کا راستہ کونسا ہے۔ جب کوئی ہنگامی حالت  پیدا ہوجائے  تو سکون  اور اطمینان کو  برقرار رکھتے  ہوئے معمر  افراد،  خواتین  اور بچوں کو پہلے نکلنے کا  موقع دیں۔
 
 خیموں میں آگ جلانے سے مکمل طور پر اجتناب کریں۔ یاد رکھیں کہ حج منصوبہ آپ کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا     لہذا اسے کامیاب کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ یاد رکھیں کہ مکہ مکرمہ اور  مشاعر مقدسہ میں سگریٹ نوشی منع ہے۔  اس کے باوجود سگریٹ پینے کے  بعد اسے بجھانے کا یقین کرلیں اور سگریٹ کے بجھے ہوئے ٹکڑے  اس مقصد کیلئے بطور خاص بنائے ہوئے کوڑے دان میں پھینکیں۔
 

شیئر: