Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے "ٹیم اسنوکر" عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کر لیا

قاہرہ:اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ محمد آصف اوربابر مسیح نے پاکستان کو آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ کا فاتح بنا دیا۔مصر میں منعقدہ آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیمپیئن شپ میں 19 ممالک کی 36 ٹیموں نے حصہ لیا اور فائنل میں مقابلہ پاکستان ہی کی دونوں ٹیموں کے مابین ہوا۔ محمد آصف اور بابر مسیح نے مصر میں ہونے والی عالمی ٹیم ا سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہم وطن محمد سجاد اور اسجد اقبال کو شکست دے کرا سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی۔ پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ٹیم ون کو 4-5 کے ا سکور سے شکست دی۔اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان ون نے ویلز کو0-4سے شکست دی تھی اور پاکستان ٹو نے بھی اسی اسکور سے آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے ورلڈ ٹیم ا سنوکر چیمپیئن شپ جیتی ہے۔ 2013 میں آئرلینڈ میں ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ایران کوشکست دی تھی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی تقریباً ایک ماہ میں یہ تیسری بڑی کامیابی ہے۔ محمد سجاد نے گزشتہ ماہ کرغیزستان میں ایشین 6 ریڈ بال چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہانگ کانگ کے لی چون وائی کو شکست دی تھی اور پھر محمد نسیم اختر نے چین میں ہونے والی ورلڈ انڈر 18 اسنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں چین کے پی فان لی کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔ محمد یوسف 1994 میں اور محمد آصف 2012 میں ا سنوکر کا عالمی انفرادی اعزاز جیت چکے ہیں۔آخری اور فیصلہ کن فریم میں پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ون کو 70-28 سے ہرا کر میچ 5-4 فریمز سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ساڑھے چار گھنٹے جاری رہا جس کے بعد محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل جوڑی نے محمد سجاد اور اسجد اقبال کو بیسٹ آف نائن فریم میں5-4سے شکست دی۔یہ رواں سال پاکستانی اسنوکر کھلاڑیوں کا تیسرا ٹائٹل ہے۔واضح رہے کہ اسنوکر پاکستان کے ان چار کھیلوں میں شامل ہے جن میں عالمی چیمپیئن بنا ہے۔

شیئر: