Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فخرزمان کا کاونٹی کیریئر شروع ہونے سے پہلے ختم

لاہور: عالمی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہند کیخلاف سنچری بنا کر پاکستان کو فتح دلانے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر بیٹسمین فخر زمان کا انگلش کاونٹی کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کیلئے قومی کھلاڑیوں کی فوری طلبی راہ کی رکاوٹ بن گئی۔ اگرچہ بعض ذرائع ان خدشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں کہ انگلینڈ میں کاونٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف پاکستانی کھلاڑیوں کے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ ان کے معاہدوں میں یہ شق موجود ہے کہ وہ صرف نیشنل ڈیوٹی کی صورت میں ہی واپس جا سکتے ہیں اور یہ بات پیش نظر رکھی جائے تو یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے سرفراز احمد، لنکا شائر کے جنید خان اور ایسیکس کے محمد عامر وطن واپس آ کر ڈومیسٹک ایونٹ نہیں کھیلیں گے لیکن پی سی بی کی جانب سے واپسی کے احکامات نے سمرسٹ کی نمائندگی سے پہلے ہی فخر زمان کا کاونٹی کیریئر انجام کو پہنچا دیا۔انگلش کاونٹی سمرسٹ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ میتھیو مینارڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ پاکستانی بیٹسمین فخر زمان کلب جوائن نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیربین پریمیئر لیگ اور کاونٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف اپنے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو وطن واپسی کی ہدایت کر دی ہے جس میں فخر زمان بھی شامل ہیں۔میتھیو مینارڈ کے مطابق ویزے کے حصول کے بعد فخر زمان کو کورے اینڈرسن کی جگہ سنبھالنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہونا تھا لیکن اب وہ انگلش کلب سے منسلک نہیں ہو سکیں گے اور اب سمرسٹ کو ان جیسا کوئی دوسرا کھلاڑی تلاش کرنا پڑے گا جو کلب کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو سہارا دے سکے۔

شیئر: