Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھکا کیوں دیا؟ رونالڈو پر 5میچوں کی پابندی

میڈرڈ:عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر اسپینش سپر کپ کے فائنل میں ریڈ کارڈ دکھانے پر ردعمل کے طور پر ریفری کو دھکا دینے کی پاداش میں5میچوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔اتوار کو بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کے درمیان اسپینش سپر کپ کے فائنل کے پہلے لیگ میں رونالڈو کو ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر بھیجاگیا جس کے سبب ان پر ایک میچ کی پابندی یقینی ہو گئی تھی۔ریفری کی جانب سے ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریفری ریکارڈو ڈی برگوس کو پیچھے سے دھکا دے دیا جس پر اسپینش فٹبال فیڈریشن نے ان پر 5میچوں کی پابندی عائد کردی۔اس پابندی کے بعد رونالڈو اب بدھ کو اسپینش سپر کپ کے فائنل کے دوسرے لیگ سمیت مزید 4 میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ فیڈریشن کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کیلئے رونالڈو کے پاس10 دن کا وقت ہے۔رونالڈو گزشتہ سیزن میں فٹنس مسائل سے دوچار تھے اور گرمیوں کی طویل چھٹیاں گزارنے کے بعد ا بھی تک مکمل فٹنس کے حصول کیلئے کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بارسلونا کے خلاف اہم میچ میں 58ویں منٹ میں میدان میں اتارا گیا تھا جب انہوں نے ایک شاندار کک کے ذریعے گول داغ کر رئیل میڈرڈ کو 2-1 کی برتری دلائی اور جشن مناتے ہوئے اپنی شرٹ اتار بیٹھے جس پر ریفری نے انہیں پہلا پیلا کارڈ دکھایا۔ دو منٹ بعد وہ دوسرا گول کرنے کی جانب گامزن تھے کہ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی سیمول امٹیٹی سے ٹکرا کر گر گئے اور پینالٹی کی اپیل کی لیکن ریفری یہ سمجھے کہ وہ جان بوجھ کر گرے ہیں اور انہیں ایک اور پیلا کارڈ دکھا دیا اور یوں قانون کے تحت انہیں ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ اس موقع پر رونالڈو کو ریفری کے فیصلے پر یقین نہ آیا اور انہوں نے غصے میں آکر ریفری کو دھکا دے دیا۔ فیڈریشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریفری کو دھکا دے کر رونالڈو نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 89 کی خلاف ورزی کی جس کے تحت کھلاڑی پر چار سے 12 میچوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ اسپینش فٹبال فیڈریشن نے دھکا دینے پر رونالڈو پر ساڑھے 3ہزار ڈالر اور رئیل میڈرڈ پر 1650 ڈالر جرمانہ عائد کر دیا جبکہ فاول پر بھی پرتگالی اسٹار اور ہسپانوی کلب پر جرمانہ کیا گیا ہے۔

شیئر: