Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون میں ہاشم آملہ اور عمران طاہر کی شمولیت

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کےلئے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا اور بتایا جارہا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹرز ہاشم آملہ اور عمران طاہر بھی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ ورلڈ الیون کی قیادت کیلئے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی مضبوط امیدواربن گئے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق زمبابوے کے سابق کپتان اور انگلینڈ ٹیم کے کوچ اینڈی فلاورر ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے ہاشم آملہ اور عمران طاہر سے رابطہ کیا اور ابتدائی بات چیت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے لئے آمادہ کرلیا ہے۔ سابق زمبابوین کرکٹر نے برطانوی کھلاڑیوں سے بھی رابطے تیز کردیے اور ان میں سے چند نے پاکستان آمد پر مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں 13 رکنی ورلڈ الیون ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔ مہمان ٹیم کی قیادت کیلئے ڈیرن سیمی مضبوط امیدوار کے طورپرسامنے آئے ہیں جبکہ برینڈن میککولم کا نام بھی سامنے ہے۔دوسری جانب پی سی بی نے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے بھائی اینڈی فلاور کو ٹیم منیجر مقرر کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسو سی ایشن کی طرف سے ورلڈ الیون کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ماہ ستمبر میں آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی لاہور میں کرےگا جہاں 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ الیون کے3ٹی ٹوئنٹی میچز 10ستمبر سے 15 ستمبر تک ہونے کا امکان ہے۔ورلڈ الیون ٹیم کا دورہ ستمبر میں طے پایا ہے لیکن حکومت پنجاب کی جانب سے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے باعث اسے انتخاب سے قبل کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ سیکیورٹی کلیئرنس کیلئے پنجاب حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔

شیئر: