Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان عمان سے 5میچوں کی ہاکی سیریز کھیلے گا،پی ایچ ایف

 لاہور: پاکستان کی عمان کیخلاف 5 ہاکی ٹیسٹ میچزکی باقاعدہ سیریز طے پاگئی، پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ اسکواڈ اور میزبان سائیڈ کے خلاف سیریز کے یہ مقابلے9 سے15ستمبر تک مسقط میں ہوں گے۔ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناکامی کے بعد فیڈریشن حکام نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ اسکواڈ کے نام سے ٹیم تشکیل دی ہے۔دورے کی تیاریوں کیلئے کیمپ میں30کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان پلیئرز میں 3 گول کیپرز، 6 فل بیکس، 6 ہاف بیک اور 15 فاروڈز شامل ہیں۔ کیمپ کا حصہ بننے والے ان پلیئرز میں زیادہ تر وہ کھلاڑی ہیں جو ابھی نوجوان ہیں اور انٹرنیشنل تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ٹیم کے سینئر کیمپ میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے تھے۔سلیکٹرز کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں میں حافظ علی عمیر، علی رضا، عمر زمان (گول کیپرز)، اسد عزیز، قاضی اسفند یار، مبشر علی، شاہ فیصل شاہ، زاہد اللہ، سہیل منظور ( فل بیکس)، فیضان، علی رضا، تیمور ملک، تعظیم الحسن، محمد عثمان، عثمان تنویر (ہافس) جبکہ فاروڈز میں محسن صابر، سمیع اللہ، محمد رضوان، محمد عمر حامدی، اکبر علی، شاہ جی احمد، محمد عتیق ارشد، کریم خان، رانا سہیل ریاض، محمد نوید، اویس الرحمن، محمد عامر، عبدالجبار، شان ارشاد اور محمد ایوب علی شامل ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں کو20 اگست کو جوہر ٹاون ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ادھر کیمپ کمانڈنٹ محمد عثمان شیخ کا کہنا ہے کہ آج کے یہ کھلاڑی ہی ہماری ہاکی کا مستقبل ہیں۔ عمان کے خلاف سیریز سے پلیئرز کو انٹرنیشنل تجربہ ملے گا۔ انھوں نے کہاکہ عمان کی ٹیم ان دنوں ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پلیئرز بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کے بعد گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ٹریننگ کیمپ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، میزبان ٹیم ہمیں ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس لیے بھر پور تیاریوں کے ساتھ عمان جائیں گے اور حریف سائیڈ کے خلاف اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے، محمد عثمان نے کہا کہ دورہ عمان کے لئے حتمی اسکواڈ کا اعلان عیدالاضحی سے قبل کیا جائے گا۔

شیئر: