Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

124ہزار سے زائد پاکستانی عازمین ارض مقدس پہنچ گئے

    مکہ مکرمہ (جاوید راہو)  پاکستانی حج مشن کے ڈائریکٹر جنر ل ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  پاکستان سے آنے والے عازمین کی تعدادایک لاکھ 24ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں 82ہزار 200 سرکاری جبکہ 42ہزار کے قریب پرائیویٹ اسکیم کے تحت آئے ہیں۔  مدینہ منورہ پہنچنے والے پاکستانی عازمین مسجد نبوی شریف میں حاضری کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔ 47 ہزار191 پاکستانی عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ کوٹہ بحالی کے بعد3 سالوں میں پہلی مرتبہ پاکستان کی سرکاری اسکیم کے عازمین حج کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 26 اگست تک آنے والی پروازوں کے ذریعے یہ تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 5 سو 26 ہو جائیگی۔ پاکستانی عازمین حج کو  نماز جمعہ اور دیگر نمازوں کے بعد رش اور انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے وزارت مذہبی امور نے سعودی حکام کے تعاون سے حرم کے نزدیک مزید 3 نئے بس اسٹاپس کا اضافہ کرتے ہوئے کُل 4 بس ا سٹاپ مختص کئے ہیں۔ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے حرم کے چاروں اطراف پاکستانی پرچم والی سبز جیکٹ اور ٹوپی پہنے تقریباً 60 معاونینِ حجاج 2 شفٹوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وزارت کے سینیئر جوائنٹ سیکرٹری اور ڈائریکٹر سہولت و تعاون محمد اشرف لنجاڑ بھی دوسرے اعلیٰ افسران کے ہمراہ مسجد الحرام کے باہر عازمین حج کی رہنمائی کیلئے موجودرہتے ہیں۔وزارتِ مذہبی امور سعودی عرب میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان کے ذریعے ان عازمین کی رہنمائی اور سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ جدہ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی خدمت کیلئے عملہ تعینات ہے۔مقدس شہروں میں عازمینِ حج کو رہائش، سفر، طبی سہولیات اور3 وقت خوراک کی فراہمی کے لیے مختلف شعبہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔ 200 کے قریب سیزنل اسٹاف ڈائریکٹر سہولیات و تعاون کے زیر نگرانی شکایات سیل ، شعبہ گمشدگی و بازیابی، مانیٹرنگ، کال سینٹر، دفتر، مدینہ روانگی، جدہ اور مدینہ منورہ ایئر پورٹ اور اکاؤنٹس کے شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر رہائش و ٹرانسپورٹ کے زیر انتظام تقریباً500 معاونین بھی خدما ت سر انجام دے رہے ہیں۔ حج میڈیکل مشن کے تحت400 سے زائد ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل اسٹاف 2بڑے ہسپتالوں اور 12سے زائد ڈسپنسریوں میں کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ راستوں اور زبان سے واقف یہاں رہائش پذیر تقریباًایک ہزار کے قریب لوکل پاکستانی معاونین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

شیئر: