Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر پاکستانی کی شناخت اس کے وطن سے ہے

    ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے کہا ہے کہ وطن کے بغیر پاکستانیوں کی کوئی شناخت نہیں اور یہ کہ حصول وطن کیلئے جتنی قربانی دینا پڑی تھی اس سے  زیادہ اب وطن کے وجود کو قائم رکھنے کیلئے درکار ہے۔وہ پاکستان مسلم لیگ ن ریاض کے زیراہتمام یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے واضح  کیا کہ وطن کی حرمت سب ترجیجات میں سرفہرست ہوتی ہے۔ عبدالشکور شیخ نے اپنے ہموطنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمومی حالات میں وہ جس طرح بھی رہیں، وطن پر مشکل وقت میں ہمیشہ تسبیح کے دانوں کی طرح متحد ہو جاتے ہیں۔ تقریب کے صدر رانا خالد اکرم تھے۔ تقریب میں چوہدری عبدالرحمان گجر، چوہدری اختر ، ملک عبدالشکور ، راجہ یعقوب ، سردار محمد شعیب ، اقبال دودو، حافظ عرفان اور حافظ عبدالوحید نے قیام پاکستان کو نعمت  باری تعالیٰ قرار دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ رانا خادم حسین نے اپنا کلام سنا کر حاضرین کا خون گرمایا۔ زین اور عاقب نے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد بلال کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد عابد شمعون چاند نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ مولانا ہمایوں محسود کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔

شیئر: