Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر اکمل کا مکی آرتھر پر غلط الزامات لگانے کااعتراف

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ دوسرے شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا جس میں انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے۔عمر اکمل نے اپنے جواب میں کہا کہ مکی آرتھر پر الزامات کا معاملہ غیر ارادی طور پر رونما ہوا اور وہ پی سی بی کے ضابطہ اخلاق سے واقف نہیں تھے۔خیال رہے کہ 17 اگست کو عمر اکمل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر الزامات لگائے تھے کہ مکی آرتھر نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور گالیاں دیں۔عمر اکمل کا کہنا تھا کہ 'مکی آرتھر نے کہا کہ آپ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں داخل ہونے کی اجازت کس نے دی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آپ جاکر کلب کرکٹ کھیلیں'۔عمر اکمل کے مطابق ایک قومی کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے اپنی فارم اور فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے این سی اے کا استعمال ان کا حق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مداح مجھے کہتے ہیں کہ اپنی فٹنس ٹھیک کریں اور میں فٹنس ٹھیک کرنا کی کوشش کررہا ہوں تو یہ مجھے کرنے نہیں دیتے اور مجھ سے ہر چیز چھین رہے ہیں، اکیڈمیاں اپنی خامیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ہوتی ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ عمراکمل نے مکی آرتھرسے الجھنے اور الزامات عائد کرنے کی وجہ ذہنی دباو قرار دیاہے جبکہ مستقبل میں ایسی غلطی نہ دہرانے کا وعدہ کیاہے۔اطلاعات کے مطابق عمراکمل نے شوکازنوٹس کے جوا ب میں پی سی بی کے کوڈآف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کا اعتراف کیاہے۔انہوں نے پی سی بی سے وعدہ کیاہے کہ وہ دوبارہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔بیٹسمین کا کہناتھا کہ وہ میڈیا میں جاکر مکی آرتھر کا الزامات نہیں لگانا چاہتے تھے۔ بعض حلقوں کا کہناہے کہ عمراکمل اپنے سسر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے سمجھانے پر غلطی تسلیم کرنے پر رضامند ہوئے ہیں تاکہ کیرئیر بچایاجاسکے۔

شیئر: