Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ ایک تاریخی لمحہ ہے: نجم سیٹھی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو رہی ہے جبکہ ورلڈ الیون کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز صرف کرکٹ نہیں بلکہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈائریکٹر کرکٹ جائلز کلارک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتی جبکہ آج کرکٹ کے ذریعے دنیا بھر میں اس کا مثبت جواب جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے بے حد مشکور ہیں جبکہ پی سی بی کے ساتھ تعاون پر سیکیورٹی اداروں کے بھی شکر گزار ہیں۔پی سی بی کے سربراہ نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز دیکھنے کے لئے پاکستان آرہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے کامیاب فائنل کا تذکرہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ایس ایل کرانا بڑی کامیابی تھی جبکہ ورلڈ الیون پاکستان نہ آتی تو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کرنے میں کئی سال مزیدلگ جاتے۔ اس موقع پر آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے کہا کہ یہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا پہلا قدم ہے اور اس کے لئے پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔جائلز کلارک نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز لمحہ ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل نے بھی ورلڈ الیون کی سیریز ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم 2011 ءسے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آگئی اور امید ہے کہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد میچ دیکھنے میدانوں کا رخ کرے گی جہاں انہیں کانٹے کو مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹی ٹوئنٹی 12 ستمبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 ستمبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈیو پلیسس، ہاشم آملہ، مورنے مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سامی، سیموئل بدری ، آسٹریلیا کے جارج بیلی،ٹم پین، بین کٹنگ، انگلینڈ کے پال کالنگ وڈ، نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ، سری لنکا کے تھسارا پریرا اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال شامل ہیں۔

شیئر: