Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آزادی کپ:پاکستان نے ورلڈ الیون سے پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا

لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان آزادی کپ سیریز کے پہلے اور تاریخی میچ میں پاکستان نے 20رنز سے کامیابی سمیٹتے ہوئے 0-1کی برتری حاصل کرلی ۔ بابر اعظم کی بیٹنگ نے فتح میں اہم کردار ادا کیا انہوں نے 86رنز بنا کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ احمد شہزاد اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ ورلڈ الیون کی جانب سے پہلا اوور جنوبی افریقی بولر مورنی مورکل نے کرایا۔فخر زمان نے چوکا لگا کر میچ کا کھاتہ کھولا، دوسرے گیند پر بھی چوکا لگایا ،مورکل نے چوتھی گیند پر انہیں ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ احمد شہزاد اور بابر اعظم کے درمیان 122رنز کی شراکت نے پاکستانی کی پوزیشن بہتر بنا دی۔ بابر اعظم نے بہت اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ اور کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔مجموعی اسکور 130رنز تک پہنچا تو احمد شہزاد 34گیندوں پر3چوکوں کی مدد سے39رنزبنا کر چلے گئے۔ان کے بعد شعیب ملک کھیلنے آئے اور انہوں نے بھی جارحانہ انداز اپنایا تاہم 142کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 86کے انفرادی اسکور پر عمران طاہر کا شکار بن گئے۔ بابر اعظم نے 52گیندوں پر2چھکوں اور10چوکوں سے اپنی اننگز سجائی۔ان کے بعد کپتان سرفراز احمد میدان میں اترے لیکن 5گیندوں پر4رنز بنا سکے۔ان کی وکٹ پریرا کے حصے میں آئی ۔اس وقت مجموعی اسکور161رنز ہو چکا تھا۔ شعیب ملک نے      20گیندوںپر38رنز بنائے ۔عماد وسیم نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور4گیندوں پر2چھکوں کے ذریعے15رنز بناکر مجموعی اسکور 197رنز تک پہنچا دیا۔ان کے ساتھ کیریئر کا پہلا ٹی 20کھیلنے والے فہیم اشرف ایک گیند کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے واپس آئے۔ورلڈ الیون کی جانب سے پریرا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔انہوں نے2وکٹیں لیں جبکہ ایک ،ایک کھلاڑی کو مورنی مورکل ،کٹنگ اور عمران طاہر نے پویلین واپس بھیجا۔198رنز کے تعاقب میں ہاشم آملہ اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا ۔دونوں ورلڈ الیون کو 43رنز کاآغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تمیم اقبال اور ہاشم آملہ کو رومان رئیس نے ایک ہی اوورمیں آوٹ کیا ۔ تمیم18اور آملہ 26کے اسکور پر گنوا بیٹھے۔ پہلی وکٹ43اور دوسری 48رنز پر گری۔ کپتان فاف ڈو پلیسس میچ کے12ویں اوور میں حسن علی کے اوور میں22رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم شاداب خان نے اگلے ہی اوور میں انہیں قابو کرلیا ۔ ڈو پلیسس نے 29رنز اسکور کئے جس میں ایک چھکا اور4چوکے شامل تھے۔ انہوں نے18گیندیں کھیلیں ۔ٹم پین آوٹ ہونے والے چوتھے بیٹسمین تھے انہیں سہیل خان نے25کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس بھیجا۔ پین نے ایک چھکا اور 2چوکے لگائے۔اس وقت اسکور108رنز تھا۔اس کے بعد ورلڈ الیون دباو کا شکار نظر آنے لگی اسی دوران شاداب خان نے ڈیوڈ ملر کوآوٹ کردیا ۔ ملر 7گیندوں پر9رنز تک محدود رہے۔گرانٹ ایلیئٹ کو سہیل خان نے آوٹ کیا وہ 2چوکوں کی مدد سے8بناسکے جبکہ مجموعی اسکور 145ہو چکا تھا ۔19اوور میں سامی نے2چھکے لگاکر اسکور 164رنز کردیا ۔ یوں آخری اوور میں ورلڈ الیون کو فتح کے لئے 34رنز درکار تھے ۔ سامی نے حسن علی کو چھکا لگا کر سنسنی پھیلادی لیکن اگلی 2گیندوں پروہ ایک ہی رن بنا سکے ۔ اس کے بعد ایک رن پریرا نے اسکور کیاآخری 2 گیندوں پر26درکار لیکن پریر اپانچویں گیند کھیلنے کی کوشش میں رن آو ٹ ہو گئے جبکہ آخری گیند پر سامی صرف چوکا ہی لگا سکے اور اس کے ساتھ ہی پاکستان نے یہ میچ 20رنز سے جیت لیا۔ رومان رئیس، شاداب خان اور سہیل خان نے 2،2وکٹیں لیں ۔

شیئر: