پاکستانیوں کیجانب سے خوش آمدید مثالی ہے، پال کالنگ ووڈ

لاہور: سابق انگلش کپتان پال کالنگ وڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم نے جس طرح ورلڈ الیون کو خوش آمدید کہا وہ مثالی ہے اور پاکستانی شائقین کے سامنے کھیلنے کا ہمیشہ ہی لطف آیا جبکہ تمیم اقبال نے کہا پاکستان میں اے کلاس سیکیورٹی ہے۔ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں تمیم اقبال اور پال کالنگ وڈ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کی جس میں سابق انگلش کپتان پال کالنگ وڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے جس طرح ورلڈ الیون کو خوش آمدید کہا وہ مثالی ہے، ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو یکجا ہونے میں مشکلات ہوئیں لیکن پاکستانی تماشائیوںکے سامنے کھیلنے کا ہمیشہ ہی لطف آیا ہے، 2005 ءمیں لاہور میں میری کارکردگی بہت شاندار تھی۔پاک کالنگ وڈ نے کہا کہ میں 2011 میں ریٹائر ہونے کے باجود کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں جبکہ سیموئیل بدری کی ٹیم میں شمولیت سے کمبی نیشن بہتر ہو گا اور دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔دوسری جانب بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ پاکستان آیا ہوں، یہاں آکر ہمیشہ بہت اچھا لگا اور پاکستان میں سیکیورٹی بہت بہترین ہے جبکہ میرے خیال میں ہماری بولنگ نے 20 سے 25 رنز زیادہ دیے، آغاز اچھا تھا لیکن ایک اوور میں دونوں اوپنرز کے آوٹ ہونے سے شکست کا آغاز ہوا۔
 
 
 
 
 

شیئر: