پاکستانی اوپنر فخر زمان میں مختلف لیگ فرنچائزز کی دلچسپی

 
لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد مختلف لیگ فرنچائزز کی دلچسپی کا مرکز بن چکے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کم از کم3 فرنچائزز نے انھیں لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔خیال رہے کہ فخر زمان نے دوسری پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کی نمائندگی کی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے تیسری پاکستان سپر لیگ کے لئے جن قومی کھلاڑیوں کی فہرست مختلف کیٹگریز کے لحاظ سے مرتب کی ہے اس میں فخر زمان کو ترقی دیتے ہوئے ڈائمنڈ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔دوسری پاکستان سپر لیگ میں فخر زمان سلور کیٹیگری میں تھے تاہم اب یہ معلوم ہوا ہے کہ لاہور قلندر فخر زمان کو ڈائمنڈ کی بجائے گولڈ کیٹیگری میں کھلانا چاہتی ہے اور اس حوالے سے آئندہ چند دنوںمیں فخر زمان کے بارے میں صورت حال واضح ہوجائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسری پاکستان سپر لیگ کے لئے جو فہرست مرتب کی ہے ان میں 11 کرکٹرز پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی اس فہرست میں حیران کن طور پر شاہ زیب حسن کا نام بھی شامل ہے حالانکہ ان کا معاملہ ان دنوں پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں زیر سماعت ہے اس کے باوجود سلیکٹرز نے ان کا نام پاکستان سپر لیگ کے کھلاڑیوں میں شامل رکھا ہے۔

شیئر: