Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجرم اب پولیس کے شکنجے سے نہیں بچ پائیں گے، یوگی

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے اپنی حکومت کے 6 مہینے مکمل ہونے پر ایک نیوز چینل کو کل شب دیئے گئے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ان کی حکومت میں جرائم کو روکنے کے لئے پولیس کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے  اسی لیے  ان کے دعوے کے مطابق اس کے اثرات اب صاف طور پر نظر آنے لگے ہیں  اور مجرمین میں خوف ودہشت کا ماحول ہے۔ حال ہی کے دنوں میں ہوئے انکاونٹر کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ  سابقہ حکومتوں میں پولیس کا حوصلہ ٹوٹا ہوا تھا۔ اسی وجہ سے مجرم بے لگام ہو گئے تھے لیکن میری حکومت میں پولیس کا حوصلہ بڑھایا گیا ہے۔ پچھلی حکومتوں میں پولیس والے مارے جا رہے تھے لیکن آج پولیس گولی کا جواب گولی سے دے رہی ہے۔ مجرموں میں خوف ودہشت کا ماحول ہے۔ سہارنپور فسادات پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کے 6 ماہ کی مدت کے دوران ایک بھی فساد نہیں ہوا۔ سہارنپور میں جو کچھ ہوا وہ دو ذاتوں کے درمیان تنازع تھا، جس پر انتظامیہ نے قابو پا لیا۔گزشتہ 6 مہینے میں پولیس نے مدبھیڑ میں 15 انعامی مجرموں کو مار گرایا۔ وہیں، 84 مجرم گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ یہ پولیس کے لئے کھلی چھوٹ کا ہی نتیجہ ہے کہ اب تک 868 بدنام مجرم سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے صاف کہا کہ بے قصوروں کو چھیڑیں گے نہیں اور قصورواروں کو چھوڑیں گے نہیں۔  وزیر اعلیٰ کی اسی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے یو پی پولیس مجرموں پر  قہر بن کر ٹوٹی ہے۔دراصل وزیر اعلیٰ نے ڈی جی پی کو واضح ہدایت دی تھی کہ مجرمین کے خلاف خصوصی مہم چلا کر انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے۔ اس ہدایت کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور مجرموں کے خلاف کارروائی شروع ہوئی۔

شیئر: