Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"فاسٹ سے سلو کرکٹ" قومی کرکٹ ٹیم گیئر بدلنے کو تیار

 
  لاہور: قومی کرکٹ ٹیم فاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے بعد سلو ٹیسٹ کرکٹ کیلئے گیئر تبدیل کرنے کو تیار ہو گئی ہے۔ سری لنکا سے یواے ای میں سیریزکے تربیتی کیمپ کا آج لاہور میں آغاز ہوگا اور قذافی اسٹیڈیم میں صبح 10سے دوپہر ایک بجے تک بھرپور پریکٹس سیشن شیڈول ہے جبکہ گراونڈ اسٹاف نے پچز کی تیاری کاکام مکمل کرلیا ہے۔پاکستان نے آخری ٹیسٹ سیریز رواں سال اپریل، مئی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلی تھی۔ مصباح الحق کی قیادت میں گرین کیپس نے پہلی بار کیریبیئنز کو انہی کی سرزمین پر ہرانے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ مہمان ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ میں سخت مقابلے کے بعد میزبانوں کو زیر کرتے ہوئے نتیجہ 2-1 سے اپنے حق میں کیا، چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم کی بھی قیادت سونپ کر مصباح کا خلا پر کیا گیا لیکن وکٹ کیپر بیٹسمین کو بطور کپتان اپنی اہلیت ثابت کرنے کیساتھ سینئرز کی ریٹائرمنٹ سے کمزور پڑنے والی بیٹنگ میں استحکام لانے کی فکر بھی لاحق ہوگی۔ پاکستان اور سری لنکاکی ٹیمیں2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی، ان میں سے مختصر فارمیٹ کا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا سکتا ہے۔پہلا ٹیسٹ 28ستمبر سے ابوظبی میں ہوگا۔دوسر ا ٹیسٹ 6اکتوبر سے دبئی میں ہوگا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تربیتی کیمپ کیلئے 18 کھلاڑیوں کا اعلان کیا، ان میں حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائیگا۔منتخب کرکٹرز میں سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، احمد شہزاد، سمیع اسلم، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میرحمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب اور حسن علی شامل ہیں۔گزشتہ شب کپتان سرفراز احمد سمیت کراچی، پشاور اور دیگر شہروں سے کرکٹرز کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ محمد عامر بھی انگلینڈ سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔پیسر سمیت لاہور سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز منگل کو ٹریننگ کیلئے موجود ہونگے۔دوسری جانب گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا اظہر علی کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ٹیم مینجمنٹ نے اس امیدکا اظہار کیا ہے کہ سیریز شروع ہونے سے قبل ان کی فٹنس بحال ہوجائیگی لیکن فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ٹریننگ کیمپ 23 ستمبر تک ہو گا ۔ گراونڈ اسٹاف نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں پچز کی تیاری کاکام مکمل کیا، نیٹ پریکٹس کیلئے میدان کے اطراف بنائی گئی پچزاور وسط میں موجود ٹرف بھی استعمال ہوگی۔ ٹی ٹوئنٹی سے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے کیمپ میں کھلاڑی گیئر بھی تبدیل کرنے کی کوشش کرینگے۔ منگل کی صبح 10سے ایک بجے تک پریکٹس سیشن ہوگا۔دبئی میں نائٹ ٹیسٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئندہ کسی روز رات فلڈ لائٹس میں نیٹ لگائے جانے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے جس میں پنک گیند سے پریکٹس ہوگی۔یاد رہے کہ دونوں ملکوں میں آخری ٹیسٹ سیریز 2015ءمیں ہوئی تھی جس میں پاکستان ٹیم نے2-1سے کامیابی حاصل کی تھی۔
 
 

شیئر: