Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں گھر جیسا ماحول ملا، ہاشم آملہ

کیپ ٹاون: ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے کہا ہے قومی ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں مصروف نہ ہوا تو پاکستان سپر لیگ میں ضرور شرکت کروں گا ۔میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ پاکستان جاکر بہت اچھا لگا اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا۔انہوں نے پھر کہا کہ لاہور میں شائقین نے میرا اور ورلڈ الیون کے دیگر کھلاڑیوں کا جس طرح خیر مقدم کیا میں اس پر اب بھی حیران اور خوش ہوں ۔ شائقین نے اپنی ٹیم کے خلاف میری کارکردگی کو کھلے دل سے سراہا اور اسٹیڈیم میں اپنے نام کے نعرے سن کریقین نہیں آرہا تھا کہ یہ داد مجھے مل رہی ہے۔ایک سوال پر ہاشم آملہ نے کہا کہ ممکنہ طور پر پی ایس ایل کے انعقاد کے وقت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوں گا اگر فارغ ہوا تو پاکستان سپر لیگ میں ضرور کھیلوں گا۔ جنوبی افریقہ کے کرکٹر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان جانے سے پہلے سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی گئی تھی اور اس بریفنگ سے ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ ایونٹ کامیاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو قدم اٹھایا تھا وہ بہت بڑا تھا اور مکمل کرکٹ کی بحالی کیلئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے جنوبی افریقی لیگ میں قلندرز ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور قلندر کے رائزنگ اسٹارز پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ لاکھوں بچوں کو جمع کرکے ٹیلنٹ ہنٹ کوئی آسان کام نہیں ، امید ہے اس پروگرام کی کامیابی سے پاکستان کو کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔

شیئر: