Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں پیدا ہونیوالے غیر ملکیوں کا فٹبال ٹیموں کیلئے انتخاب شروع

جدہ ...... سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پیدا ہونے والے مقیم غیر ملکی فٹبال میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہیں مملکت کی تمام فٹبال ٹیموں میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ یہ براہ راست چیئرمین کے دفتر کے ماتحت ہوگی۔ محسن الجمعان، فواد انور، حمزہ ادریس، نواف التمیاط او رمحمد شلیہ اس کے ممبر ہونگے۔ کمیٹی کے ارکان نے آل الشیخ سے سعودی فٹبال آرگنائزیشن کے سربراہ عادل عزت کی موجودگی میں منگل کو ملاقات کی۔ کمیٹی کے ارکان نے اس کے بعد اپنی مہم کا آغاز کردیا۔ جمعہ تک کمیٹی امیدواروں سے ملاقاتیں کریگی۔ اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں موجود وہ غیر ملکی جو مملکت میں پیدا ہوئے اور ان کے پاس سعودی شہریت نہیں ہے اور وہ فٹبال میں دلچسپی رکھتے ہوں تو کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں۔ ملاقات روزانہ 4 بجے شام سے رات 9 بجے تک جدہ کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز اسپورٹس سٹی میں کی جاسکتی ہے۔ 18 برس سے 28 برس تک کے غیر ملکی نوجوان قسمت آزمائی کیلئے رجوع کریں۔ امیدواروں کا تکنیکی اعتبار سے امتحان لیا جائے گا۔ ان کی جسمانی صلاحیتوں ، کھیل میں فنی مہارت اور فٹبال کی صلاحیتوں کا پتہ لگایا جائے گا۔ امیدوار اپنے ہمراہ شناختی دستاویزات اور صلاحیتوں کے امتحان کیلئے درکار مناسب اسپورٹس کٹ ہمراہ لائیں۔ سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی نے یہ اقدام سعودی فٹبال کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے مملکت میں پیدا ہونےو الے غیر ملکیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کی غرض سے کیا ہے۔ چیئرمین ترکی آل الشیخ نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ دوری ممتاز میں شریک ہر ٹیم کیلئے بھی ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب ہوگا۔ سعودی عرب کے ہر صوبے، ہر کمشنری اور ہر علاقے سے غیر ملکی نوجوانوں کو فٹبال کے کھلاڑی کے طور پر سعودی فٹبال ٹیموں کیلئے منتخب کرنے کا پروگرام ہے۔ 
 

شیئر: