Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شرپسندوں کی سازش ناکام بنانے والے طالب علم افضل کوانعام دینے کا اعلان

علی گڑھ۔۔۔۔۔ گزشتہ دنوں2 نامعلوم افراد کے ذریعہ چاچا نہرو مدرسہ کے پانی میں زہریلا مادہ ملانے کا معاملہ پیش آنے کے بعد آج سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی اہلیہ سلمیٰ انصاری نے مدرسہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مدرسہ کے طلبا اور اساتذہ سے تفصیلی ملاقات کی اور خصوصاً محمد افضل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے شرپسندوں کے ذریعہ پانی میں زہریلا مادہ( چوہا ماردوا) ملانے کی خبر وارڈن کو نہیں دی ہوتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ افضل کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ 2 اکتوبر کو ایک تقریب کے دوران اسے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔اپنے دورہ کے دوران نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ انصاری نے کہا کہ ’’یقین نہیں آتا کہ کسی کو معصوم بچوں سے بھی دشمنی ہو سکتی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ایک خوفناک سازش محمد افضل کی وجہ سے ناکام ہو گئی اور یقینا یہ طالب علم اپنی بہادری کے لیے انعام کا حقدار ہے۔‘‘ اس موقع پر مدرسہ کی پرنسپل صہبا سلیم نے سلمیٰ انصاری کو معاملے کی تفصیلات سےآگاہ کیا اور پولس کے ذریعہ کی جا رہی تفتیش کے متعلق بھی بتایا۔سلمیٰ انصاری طالب علموں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ کسی بھی انجان شخص کو مدرسہ احاطہ میں دیکھیں تو وارڈن کو اس کی اطلاع دیں اور خود بھی احتیاط برتیں۔ انھوں نے کہا کہ حفاظتی نقطہ نظر سے جلد ہی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

شیئر: