Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محرم ، بدعات کا موسم بنا دیا جانے والا ماہ محترم

بدعتی مجالس میں شریک ہوکر ان کی تعداد بڑھانا بدعتی عمل میں شراکت ہی ہے، جو شخص کسی قوم کے مجمع کو بڑھائے وہ اُسی میں سے ہو گا
* * ڈاکٹربشریٰ تسنیم ۔شارجہ* *
قرآنِ پاک کی سورہ توبہ میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’حقیقت یہ ہے کہ مہینوں کی تعداد جب سے اللہ تعالیٰ نے آسمان و زمین کو پیدا کیا ہے اس (اللہ تعالیٰ) کے نوشتہ میں 12 ہی ہیں، اور ان میں سے4 مہینے حرمت والے ہیں (رجب، ذوالقعدہ، ذوالحجہ و محرم) یہی ٹھیک ضابطہ ہے (کیلنڈر کا)، لہٰذا ان4 مہینوں میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو اور مشرکوں سے سب مل کر لڑو، جس طرح وہ سب مل کر تم سے لڑتے ہیں اور اچھی طرح جان لو کہ اللہ تعالیٰ متقین ہی کے ساتھ ہے (یعنی متقین کا حق ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کا ساتھ دے ) ‘‘ (التوبہ36)۔
ان 4 مہینوں میں محرم کی مزید اہمیت رسول اکرم کے اقوال مبارکہ سے بھی عیاں ہوتی ہے۔ محرم کا معنیٰ ہے بہت زیادہ قابل تعظیم۔ ان مہینوں کی حرمت ابتدائے آفرینش سے ثابت ہے۔ خطبہ حجۃ الوادع میں نبی نے ارشاد فرمایا: ’’لوگو! زمانہ گھوم پھر کر اپنی اصلیت پر آ گیا ہے، سال کے12مہینے ہوا کرتے ہیں جن میں سے 4 حرمت والے ہیں۔‘‘(مسلم ) جب نبی مدینہ تشریف لے گئے تو آپ نے یہودیوں کو عاشوراء کا روزہ رکھتے دیکھا، آپ نے اسکی وجہ پوچھی تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ بنی اسرائیل کا فرعون سے نجات کا دن ہے، اس دن موسیٰؑ نے شکرانے کے طور پر روزہ رکھا تھا۔ آپ فرمایا: ’’ موسیٰ کے ساتھ موافقت رکھنے میں (ان کی خوشی میں شریک ہونے کے) ہم زیادہ حق دار ہیں۔‘‘
آپ نے خود بھی روزہ رکھا اور اپنے ساتھیوں کو بھی عاشوراء کا روزہ رکھنے کی تلقین کی۔(بخاری)۔ یہودیوں کے ساتھ مشابہت سے بچنے کی خاطر آپ نے فرمایا: ’’اگر میں اگلے سال دنیا میں موجود ہوا تو محرم کی9 تاریخ کو (بھی) روزہ رکھوں گا۔‘‘( مسلم )۔ آپ اگلے سال اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے لیکن آپ کی تائید اور حکم باقی رہا۔ صحابہ کرام ؓنے اس ارشاد پر عمل کیا اور دسویں کے ساتھ9یا 11تاریخ کا روزہ رکھا۔ دسویں محرم کا روزہ رکھنا بہت اہمیت کا حامل ہے، حضور اکرم نے ارشاد فرمایا: ’’رمضان المبارک کے بعد محرم الحرام کے روزے رکھنا افضل ہے۔‘‘ ( مسلم)۔ اور فرمایا:عاشورہ کے دن روزہ رکھنے سے گزشتہ ایک سال کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں ( مسلم)۔ مذکورہ بالا احادیث سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عاشوراء کی فضیلت ابتدا ہی سے ہے مگر مسلمانوں کی اکثریت محرم اور عاشوراء کے بارے میں یہی خیال کرتی ہے کہ اس کا تعلق سیدنا حسینؓ کی شہادت سے وابستہ ہے۔
ایسی محفلوں میں شریک ہونے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کی جاتی جہاں علانیہ بدعات کا ارتکاب ہو رہا ہوتا ہے بلکہ اب تو سنّی گھرانوں میں بھی مجالس و محافل اور تقریبات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بدعاتِ محرم: محرم الحرام میں بہت ساری بدعات کا ارتکاب کیا جاتا ہے جن میں سے چند ایک یہ ہیں:
* روزہ رکھنے کی بجائے عصر کے بعد کا فاقہ کرنا
* نوحہ اور ماتم
*گریہ و زاری
*سوگ میں کالے کپڑے پہننا
*رشتہ طے نہ کرنا
* محرم میں شادی نہ کرنا
*نئے کپڑے نہ سلوانا ،نہ پہننا
*کپڑے الٹ کر کے پہننا
*بستر کی چادریں الٹی کر کے بچھانا
*چار پائی الٹ کر رکھنا وغیرہ۔
نوحہ وماتم: نبی نے فرمایا: ’’جو ماتم کرے، رخسار اور منہ پیٹے، گریبان پھاڑے، جاہلیت کی طرح بین ڈالے، وہ ہم میں سے نہیں،میں اس سے بے زار ہوں جو ماتم میں سر کے بال مونڈے یا بلند آواز سے روئے یا کپڑے پھاڑے۔‘‘ ( بخاری، مسلم)۔ نبی اکرم نے نوحہ کرنے والی اور اس محفل میں شامل ہو کر غور سے سننے والی عورت پر لعنت بھیجی ( سنن ابو داؤد )۔ 2 باتیں مسلمانوں میں کفر کی ہیں: نسب میں طعن کرنا اور میت پر نوحہ کرنا( مسلم)۔ امت کے تمام علمائے حق کا اس بات پر اتفاق رہا ہے کہ نوحہ اور جاہلیت کے طریقے پر بین کرنا حرام ہے۔ علامہ ابن حجر مکی’’ الصواعق المحرکہ ‘‘میں فرماتے ہیں:اس بات کی بہت تاکید ہے کہ انسان روافض کی بدعات میں مشغول ہونے سے پرہیز کرے۔
نوحہ، ماتم اور بین ڈالنے سے اپنے آپ کو بچائے، اس لئے کہ یہ سب اعمال و افعال شائستہ ایمان والوں کے اخلاق کے منافی ہیں۔ اگر نوحہ و غم جائز ہوتا تو رسول اللہ کی وفات کا دن اس کا زیادہ حق دار تھا۔ شاہ عبدالحق محدث دہلوی لکھتے ہیں :اہل سنت کا دستور یہ ہونا چاہیے کہ عاشوراء کو فرقہ رافضیہ کی نکالی ہوئی بدعات، مثلاً: مرثیہ، ماتم و نوحہ وغیرہ سے احتیاط کریں۔ یہ کام مومنوں کے نہیں ۔ اگر ایسا جائز ہوتا تو نبی اکرم کی وفات کا دن سب سے زیادہ غم کا دن ہے(شرح سفر السعادات)۔
شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ ’’منہاج السنہ‘‘ میں فرماتے ہیں:رافضیوں نے عاشوراء کو ماتم کا دن بنا لیا ہے۔ نوحہ کے شعر و اشعار پڑھتے ہیں، پیاسے رہتے ہیں، رخساروں پر طمانچے مارتے ہیں، گریبان اور کپڑے پھاڑتے ہیں، کفار کی طرح چیختے چلاتے ہیں۔ یہ سب بدعات ہیں۔ سوگ : سوگ کے حوالے سے بھی شریعت نے رہنمائی فرمائی ہے۔ اس حوالے سے شریعت کی تعلیمات درج ذیل ہیں: رسول اللہ نے فرمایا: ’’جو عورت اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہے اس کے لئے جائز نہیں کہ میت پر 3 دن سے زیادہ سوگ کرے، ہاں اپنے خاوند کے فوت ہونے پر وہ 4 ماہ 10 دن سوگ منائے گی۔‘‘( بخاری)۔ گویا کسی بھی میت پر 3دن سے زیادہ سوگ حرام ہے۔ بیوہ عورت پر4 ماہ 10 دن سے زیادہ کا سوگ نہیں۔
اس مدت کے بعد اس کا سوگ میں رہنا حرام ہے۔ خلافِ سنت کام کرنا ہر مسلمان کے لئے منع ہے۔ ہر وقت اور ہر لمحہ اسوۂ رسول کی پیروی لازمی ہے۔عشرہ محرم میں زیب و زینت سے دور رہنا، شادی نہ کرنا، اظہار غم میں ننگے سر اور ننگے پاؤں یا ننگے بدن رہنا شیطانی سوچوں کا نتیجہ ہے۔ نبی ایک بار جنازے پر تشریف لے گئے۔ آپ نے کچھ لوگوں کو دیکھا کہ انھوں نے اظہار غم کے لئے اپنے اوپر سے چادریں اتار رکھی ہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’کیا تم جاہلیت کا کام کرتے ہو، جاہلیت کی رسم کی مشابہت کرتے ہو؟‘‘ (مسند احمد)۔ کفار سے ملتی جلتی رسمیں چاہے وہ خوشی کی ہوں یا غم کی مسلمانوں کے لئے ہرگز جائز نہیں ۔ مرنے والے کی مرثیہ خوانی سے رسول اللہ نے منع فرمایا ہے( سنن ابن ماجہ)۔
مرثیہ خوانی کرتے کرتے لوگ ہجو پر اتر آتے ہیں۔ ایک کی محبت میں شدت ظاہر کرنے کے لئے دوسروں کی ہتک کرتے ہیں۔ محرم میں جو مرثیہ خوانی کی مجالس منعقد ہوتی ہیں ان میںاصحابِ رسول ؐ کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ رسول اللہ کا فرمان ہے: میرے اصحاب کو گالی مت دینا (بخاری)۔ اور فرمایاڈرو اللہ تعالیٰ سے میرے اصحاب کے بارے میں۔ ان کو میرے بعد طعن و تشنیع کا نشانہ مت بنا لینا (یعنی ان کی برائی نہ کرنا) ،جو اُن کو دوست رکھتا ہے وہ مجھے دوست رکھتا ہے، جو اُن سے دشمنی رکھتا ہے تو گویا وہ مجھ سے دشمنی رکھتا ہے(جامع الترمذی)۔ علامہ غزالی ؒ ’’احیاء العلوم‘‘ میں لکھتے ہیں: صحابہ کرامؓ کے باہمی اختلافات اور نزاعات کو مجالس میں بیان نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ (بشری کمزوریوں کو زیر بحث لانے سے) صحابہ کرامؓ کے بارے میں کینہ پیدا کرنے کا باعث ہے۔ ہم تک دین ان کے ذریعے سے پہنچا ہے۔
صحابہ کرامؓ ہمارے محسن ہیں۔ حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ فرماتے ہیں :اُن محفلوں میں شامل ہونا (چاہے کسی بھی نیت سے ہو، مثلاً: دوستی نبھانا) درست نہیں جہاں بزرگوں کی ہجو کی جاتی ہو۔ واقعات میں اپنی مرضی سے کمی وبیشی کر کے سنایا جاتا ہو، فرضی داستانیں سنائی جاتی ہوں۔ بدعتی مجالس میں شریک ہو کر ان کی تعداد بڑھانا بدعتی عمل میں شراکت ہی ہے۔ جو شخص کسی قوم کے مجمع کو بڑھائے وہ اُسی میں سے ہو گا اور جو کسی بدعتی کے کام کو پسند کرے وہ اسی کام میں شریک ہو گا(فتاویٰ عزیزیہ)۔ سیدنا حسینؓ کے بارے میں غلو: سیدنا حسینؓ کے فضائل و مناقب میں بہت ساری احادیث منقول ہیں۔ رسول اللہ کا فرمان ہے: ’’حسن اور حسین جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔‘‘ (جامع الترمذی)۔
مزید فرمایا: ’’یہ دونوں میری دنیا کے دو پھول ہیں۔‘‘(بخاری)۔ حسنؓ اور حسینؓکی والدہ محترمہ کے بارے میں نبی کا فرمان ہے: ’’فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہیں۔‘‘( بخاری)۔ سیدنا حسینؓ کے فضائل و مناقب بجا ہیں، البتہ بات اُس وقت بگڑتی ہے جب انکے فضائل و مناقب میں غلو کر کے دیگر صحابہ کرامؓ کو سب و شتم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سیدنا حسینؓ کی شہادت کے تناظر میں دیگر صحابہ کرام ؓ کو دین اسلام سے خارج قرار دیدیا جاتا ہے۔ سیدنا حسینؓ کی شہادت کے بعد دنیا میں سب سے پہلے نوحہ و ماتم کرنے والا بقول شیعہ حضرات کے خود یزید تھا۔ ملا جعفر اپنی مشہور کتاب جلاء العیون میں لکھتا ہے :جب اہل حسین کا قافلہ کوفہ سے دمشق آیا اور یزید کے دربار میں پیش ہوا تو یزید کی بیوی ہندہ بے تاب ہو کر بے پردہ دربارِ یزید میں چلی آئی۔ یزید نے دوڑ کر اس کے سر پر کپڑا ڈال دیا اور کہا کہ گھر کے اندر جاؤ اور آلِ رسول پر نوحہ و ماتم کرو۔ ابن زیاد نے ان کے بارے میں عجلت سے کام لیا۔
میں قتلِ حسین پر ہرگز راضی نہ تھا… اہل بیتِ یزید نے زیور اتار کر لباسِ ماتم پہنا، صدائے گریہ و ماتم بلند کیا، یزید کے گھر 3 روز تک ماتم برپا رہا۔ تعزیہ و جلوس: ماتم کے علاوہ ایک خاص رسم’’ تعزیہ داری‘‘ ہے۔ تعزیہ کے لغوی معنیٰ کسی مصیبت زدہ کو صبر کی تلقین کرنے اور اس کے لئے تسکین کی دعا کرنے کے ہیں۔ کسی کی موت پر صبر کی تلقین کرنا اور ڈھارس بندھانا تعزیت کرنا کہلاتا ہے۔ محرم کا تعزیہ یوں ہے کہ سیدنا حسینؓ کی قبر پر بنی ہوئی عمارت کی ایک نقل تیار کی جاتی ہے ،جس کو سجایا جاتا ہے۔ ہزاروں مرد اور عورتیں اس کے پاس دست بستہ تعظیم کے لئے کھڑے ہوتے ہیں۔ جھک جھک کر سلام و سجدہ کرتے ہیں اور اپنی منتیں، مرادیں اور دعائیں کرتے ہیں۔ اس کے زیر سایہ آنے کے لئے، اس کو ہاتھ لگانے کے لئے خلقت ٹوٹ پڑتی ہے کہ آفات و بلیات کے دور ہونے اور مرادیں پوری ہونے کا یہی ذریعہ ہے (استغفر اللہ)۔ شاہ عبدالعزیز دہلویؒ ’’تحفہ اثنا عشریہ‘‘ باب11 میں رقم طراز ہیں :کسی چیز کی صورت اور نقل کو اصل ٹھہرا لینا ایک وہم ہے (دنیا میں بت پرستی کا پہلا قدم اسی وہم کا نتیجہ ہے)۔
شیعہ حضرات بھی اسی وہم میں مبتلا ہیں۔ یہ سیدناعلی ؓ ، سیدہ فاطمہ ؓ اور حسن ؓ و حسین ؓ کی قبروں کی نقل بنا کر خیال کرتے ہیں کہ یہ ان کی نورانی قبریں ہیں۔ فاتحہ و درود و سلام پیش کرتے ہیں، سجدے کرتے ہیں، مکھیوں سے بچانے کے لئے مور چھل ہلاتے ہیں۔ بدعاتِ محرم کی ابتدا: علامہ جلال الدین سیوطی تاریخ الخلفاء میں ذکر کرتے ہیں کہ 341ھ میں ایک گروہ، جو تناسخ کا قائل تھا، ظاہر ہوا۔ ان میں سے ایک نوجوان شخص نے دعویٰ کیا کہ سیدنا علی ؓ کی روح اس کے اندر حلول کر گئی ہے اور اس کی بیوی کا دعویٰ تھا کہ سیدہ فاطمہ ؓ کی روح اس کے اندر آ گئی ہے۔ اسی گروہ کے ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ خود جبرئیل ہے۔ خلیفۂ وقت (مطیع باللہ القاسم) کو معلوم ہوا تو اس نے ان لوگوں کو عبرت کا نشان بنانے کا حکم دیا۔ تب اس گروہ نے مکر و فریب سے کام لے کر خود کو اہل بیت کے ساتھ منسوب کر لیا۔ معزالدولہ شیعی نے ان کو سفارش کر کے بچا لیا۔
معزالدولہ کی نسبت امام سیوطیؒ فرماتے ہیں: یہ اس کے لعنتی کاموں میں سے ہے۔ یاد رہے یہ وہی شخص ہے جس نے میلاد کی محافل برپا کرنے کی رسم سرکاری طور پر شروع کی تھی۔ علامہ سیوطیؒنے اپنی کتاب میں مزید لکھا کہ معزالدولہ کے بعد اسکے بیٹے عزالدولہ نے مذہب شیعہ امامیہ کی ترویج کی اور اسی نے اذان میں کلمہ بڑھایا’’حی علی خیر العمل‘‘۔ اس کے معاون جعفر بن فلاح نے اس کو دمشق میں پھیلا دیا۔ ایک اور بات قابلِ غور ہے کہ اسی زمانے میں احادیث کے وضع کرنے کا رجحان زوروں پر تھا۔ معزالدولہ نے سب سے پہلے بغداد میں بزور ِحکومت عشرہ محرم میں نہایت دھوم دھام سے رسمِ ماتم منائی اور مخالفین پر زبانِ طعن و دشنام کا اضافہ کیا (تاریخِ ابن خلدون) ۔ معزالدولہ نے حکم دیا کہ سب دوکانیں بند کر دی جائیں۔ خرید و فروخت کا کام روک دیا جائے، لوگ ماتم کریں، کمبل کا لباس پہنیں، عورتیں پراگندہ بال اور بین کرتی ہوئی، سینے پہ دوہتڑ مارتی ہوئی شہر کا چکر لگائیں(الکامل لابن اثیر)۔
سید امیر علی ’’اسپرٹ آف اسلام‘‘ میں لکھتے ہیں : معزالدولہ نے بیادگار شہادت حسینؓو دیگر شہدائے کربلا، عاشورامحرم کو ماتم کا دن مقرر کیا۔مولوی اعجاز حسین شیعی اپنی کتاب مرقع کربلا میں بحوالہ تاریخ الخلفاء تسلیم کرتے ہیں کہ معزالدولہ پہلا بادشاہ مذہب امامیہ پر تھا اور اس نے سرکاری طور پر ماتم کا اہتمام کیا۔ محبت میں غلو اور افراط وتفریط کا شکار احترام ِامت مسلمہ کے لئے سم قاتل ہے۔ اس کا علاج نہ ہوا تو ہماری بحیثیت مسلمان داستاں تک نہ ہو گی داستانوں میں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں دین اسلام پر عمل پیرا ہونے اور بدعات و خرافات سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔

شیئر: