Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسپاٹ فکسنگ کیس :خالد لطیف پر 5 سال کی پابندی

لاہور:شرجیل خان کے بعدپاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ایک اور کھلاڑی خالد لطیف پر بھی 5 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔جسٹس( ریٹائرڈ) اصغر حیدر کی سربراہی میں سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاءاور سابق وکٹ کیپر وسیم باری پر مشتمل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے خالد لطیف کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ سنایا اور ان پر لگائے گئے 6 الزامات ثابت ہونے کے بعد ان پر ہرطرح کی کرکٹ کھیلنے پر 5 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔خالد لطیف پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر سزا پانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل محمد عرفان اور شرجیل خان پر پابندی عائد کی جا چکی ہے تاہم محمد عرفان اپنی سزا مکمل کرچکے ہیں۔ٹریبونل نے فیصلہ خالد لطیف اور ان کے وکیل کی غیر موجودگی میں سنایا۔ کرکٹر اور ان کے وکیل نے سزا سنائے جانے کے موقع پرپیش ہو نے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ اس سے قبل پی سی بی کے ٹریبونل کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عرفان پر 6 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان پر اسپاٹ فکسنگ تحقیقات میں 5 الزامات ثابت ہونے پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

شیئر: