Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا مسلمانوں پر فوج کے مظالم نے ہر سفاک کو پیچھے چھوڑدیا، عبدالمالک مجاہد

لاکھوں برمیوں کو حجاز میں آباد اور 15ملین ڈالر مختص کرنے پر سعودی قیادت کو خراج تحسین 

 

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے مرکزی رہنما اور معروف اسکالر عبدالمالک مجاہد نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کےلئے 15 ملین ڈالر مختص کرنے کا اقدام قابل ستائش ہے ۔ ملت اسلامیہ کو اس انتہائی اہم مسئلہ پر فوری توجہ دیتے ہوئے اپنے مظلوم دینی بھائیوں کی مدد کےلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ان پر ہونے والے مظالم کو روکا جاسکے۔ وہ جمعیت علماءاہلحدیث جدہ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا عبدالمالک مجاہد نے کامیاب حج آپریشن پر مملکت کے قائدین اور وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امسال حج انتظامات مثالی رہے ۔ پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والے حجاج نے انتہائی آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کیا ۔ انہو ںنے مزید کہا برما میں روہنگیا مسلمانوں کو جن حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ انتہائی دل سوز ہیں ۔ برمی حکومت باقاعدہ منظم انداز میں وہاں کے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس معاملے پر فوری توجہ دیں ۔ پاکستان سمیت مسلم دنیا فوری مداخلت کرتے ہوئے انسانیت کے قتل عام کو رکوائیں ۔ برمی مسلح افواج جس طرح نہتے مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے اسے دیکھ کر ہلاکو اور چنگیز خان کی سفاکی اور بربریت بھی بہت معمولی دکھائی دیتی ہے ۔ برما میں یہ کہا جا رہا ہے کہ مسلمان یہاں کے شہری نہیں میں ان سے پوچھتا ہو ں کہ تاریخ کو کہاں چھپاﺅ گے ؟ برما میں مسلمانوں کی حکومت صدیوں سے ہے ۔ انہیں آج صرف اس لئے سزا دی جارہی ہے کہ وہ رب واحد کو مانتے ہیں۔ انہیں اس لئے گاجر مولی کی طرح کا ٹا جا رہا ہے کہ وہ حجر و شجر کو نہیں بلکہ خالق کائنات کو رب مانتے ہیں ۔مولانا عبدالمالک مجاہد نے مزید کہا مملکت کی قیادت نے ہمیشہ برمی مسلمان بھائیوں کی مدد کی ۔ حجاز میں کئی لاکھ برمی مسلمانوں کو آباد کیا گیاہے۔ انہو ںنے حکومت پاکستا ن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماءاہلحدیث پاکستان کے سنئیر نائب امیر علی محمد ابو تراب کو فوری طور پر بازیاب کرائے جنہیں کوئٹہ سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے ۔ قبل ازیں جمعیت اہلحدیث جدہ کے رہنما مولانا مختار عثمانی نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہتے ہوئے برمی مسلمانوں کی حالت زار پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جس طرح برمی افواج بے بس و لاچار نہتے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے اسے دیکھ کر انسانیت لرز گئی ۔ برمی فوج کے ہاتھوں ظلم و جبر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب رقم کیا جارہا ہے ۔

شیئر: