Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل3میں نمایاں غیر ملکی کرکٹرز کی شرکت غیر یقینی

لاہور:پاکستا ن سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں جن غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آرہی ہے اس میں کوئی بڑا اور نمایاں کھلاڑی شامل نہیں۔ اس کی بنیادی وجہ لیگ کے انعقاد کے دوران دیگر ٹیموں کی مصروفیات ہیں ۔ تمام بڑی ٹیمیں اپنے اپنے شیڈول کے مطابق مقابلوں میں شرکت کر رہی ہوں گی اور ان کے لئے اپنے اہم کھلاڑیوں کی ریلیز کرنا ممکن نہیں ہو سکے گا۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر اور افغانستا ن کے لیگ اسپنر راشد خان کو پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیاہے لیکن ان کی شرکت بھی یقینی نظر نہیں آتی کراچی میں کھیلنے کی شرط بھی کئی غیر ملکی کرکٹرز کو اس مقابلے سے دور کر سکتی ہے۔ اس ایڈیشن میں زیادہ تر وہی غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے جو پچھلے سال شریک ہوئے تھے جبکہ نئی فہرست فرنچائزز کو بھیج دی گئی ہے۔فروری میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کسی کھلاڑی کی شرکت کا امکان نہیں اگلے سال پی ایس ایل 3میں نئی ٹیم ملتان سلطانز بھی حصہ لے گی۔ذرائع کے مطابق 30 ستمبر تک گزشتہ سال کے20 کھلاڑیوں کی فہرست سے ہر فرنچائز کو10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنا اور 10 کو ریلیز کرنا ہوگا۔گزشتہ سال کی فہرست سے 5ٹیمیں جن 10،10 کھلاڑیوں کو ریلیز کریں گی۔ ان50 کھلاڑیوں میں سے انتخاب کا پہلا آپشن نئی فرنچائز ملتان سلطانز کو دیا جائےگا۔ وہ50 میں سے 10کھلاڑیوں کا چناوکرے گی جبکہ بقیہ 10،10کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ سے ہوگا۔ہر ٹیم پلاٹینیم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگری سے 2،2 سلور سے 3 اور ایمرجنگ کٹیگری سے ایک کھلاڑیوں کو ریلیز کرے گی اتنے ہی نئے کھلاڑیوں کو ڈرافٹنگ کے ذریعے لے گی۔غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے معاہدے میں دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی جاکر میچز کھیلنے کی شق رکھی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز اس بار شائد کوئٹہ کے ڈگ آوٹ میں مینٹور کی حیثیت سے دکھائی نہ دیںاور ان کی جگہ کیون پیٹرسن کو مینٹور اور کھلاڑی کی ذمہ داری دینے کی تجویز پرغور ہو رہاہے۔

شیئر: