Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امام الحق میرا بھتیجا ہی نہیں باصلاحیت کرکٹر بھی ہے ،انضمام الحق

  دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے کہاہے کہ امام الحق کی سلیکشن میرے لئے بہت مشکل تھی کیونکہ وہ میرا بھتیجا ہے لیکن وہ باصلاحیت کھلاڑی بھی ہے۔ اس کی کارکردگی کو دیکھ کر اس کی سلیکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا ۔ امام الحق کو سری لنکا کے خلاف 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فواد عالم کے حوالے سے استفسار پر ا نضمام نے کہا کہ کھلاڑی کو صرف زیادہ رنز بنانے پر نہیں بلکہ ٹیلنٹ اور تکنیک کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے۔ فواد عالم کی تکنیک خراب ہے۔ اگر زیادہ رنز بنانے پر ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے تو پھر سلیکشن کمیٹی کی کیا ضرورت ہے۔حالیہ دنوں جتنے اوپنرز کا جائزہ لیا گیا ان میں امام الحق کی کارکردگی سب سے اچھی تھی اور وہ ٹیم میں منتخب ہونے کے حقدار تھے لہذا اسکے انتخاب کو صرف اس نظر سے نہ دیکھا جائے کہ وہ میرا بھتیجا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے طور پرٹیم کے انتخاب کے وقت صرف یہ دیکھا گیا کہ امام الحق میں کتنا ٹیلنٹ ہے اور پھر یہ کہ قائداعظم ٹرافی میں اس کی کارکردگی دوسرے کرکٹرز سے کیسی تھی۔ا نہوں نے کہا کہ امام الحق کا انتخاب صرف میرا فیصلہ نہیں بلکہ اس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی رائے شامل ہے۔ اب امام الحق کو حتمی الیون میں شامل کرنا یا باہر بٹھانا کوچ اور کپتان کی صوابدید ہے۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ جس طرح وہ دوسرے کھلاڑیوں کےلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اسی طرح امام الحق کے لئے بھی یہ خواہش رکھتے ہیں کہ وہ اپنے انتخاب کو درست ثابت کرے۔ا نہوںنے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ ہر دورے میں ایک نیا کھلاڑی منتخب کرنے کے بعد اگلے دورے میں اسے نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ رہنے والے کرکٹرز کو جہاں ضرورت پڑتی ہے وہاں موقع دیا جاتا ہے جس کی واضح مثال حارث سہیل ہیں۔ انھوں نے ٹی10 لیگ کی تقریب میں شرکت کے بارے میں سوال پر کہا کہ اس کے لئے پی سی بی سے اجازت لے کر آیا تھا۔

شیئر: