Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چائنا اوپن: رافیل نڈال نے ٹورنامنٹ دوسری مرتبہ جیت لیا

بیجنگ: عالمی نمبر ون اور اسپین کے معروف ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے دوسری مرتبہ چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتتے ہوئے کیریئر کا 75 واں ٹائٹل حاصل کرلیا۔بیجنگ میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں رافیل نڈال نے آسٹریلیا کے نک کیرگیوس کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور دوسری مرتبہ چائنا اوپن کا فائنل اپنے نام کیا۔عالمی نمبر ایک نے نوجوان حریف کو آسانی سے زیر کرکے 6-1- اور 2-6 سے شکست دے دی۔ رافیل نڈال نے پہلی مرتبہ 2005 ءمیں چائنا اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا اب 12 سال بعد وہ ایک مرتبہ پھر یہ ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ یہ رواں سال ہسپانوی ٹینس اسٹار کا چھٹا ٹائٹل بھی ہے۔ رافیل نڈال نے چائنا اوپن کے سیمی فائنل میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف کو ایکسیٹ کے خسارے کے بعد شکست دے کر فائنل تک رسائی کی تھی۔ دوسری جانب چائنا اوپن میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں فرانس کی کھلاڑی کیرولین گارشیا نے عالمی نمبرایک سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔رومانیہ کی تجربہ کارسیمونا ہیلپ کو غیر متوقع طور پر فرانسیسی کھلاڑی نے 6-4اور7-6سے شکست دی۔سیمونا ہیلپ نے پری کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ون روسی اسٹار ماریا شاراپووا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا اور عام تاثر یہی تھا کہ عالمی نمبر ون اس ٹائٹل کو اپنے نام کرکے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

شیئر: