Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کر دی

  زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پی ایف ایف کی رکنیت فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فیفا کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ معطلی 10 اکتوبر کو بیورو آف فیفا کونسل کے فیصلے کے مطابق کی گئی ہے اور اس کی وجہ غیر متعلقہ اداروں کی پاکستان فٹبال فیڈریشن میں مداخلت بتائی گئی ہے۔فیفا نے یہ فیصلہ اس لیے لیا ہے کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتظامی کنٹرول عدالت کی جانب سے مقرر کردہ منتظم کے پاس ہے اور یہ اقدام پاکستان فٹبال فیڈریشن کے بطور آزاد تنظیم کام کرنے میں رکاوٹ بنا ہواہے۔فیفا قوانین کے مطابق تمام رکن ممالک کی فٹبال فیڈریشنز اور تنظیموں میں کسی قسم کی مداخلت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔فیفا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی رکنیت اس وقت بحال کر دی جائے گی جب فیڈریشن کے دفاتر اور اس کے بینک اکاونٹس کا کنٹرول فیڈریشن کو واپس کردیا جائے گا۔اس معطلی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے آئین کی شق 13 کے مطابق حاصل تمام حقوق کھو دیے ہیں اور اس کی وجہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن اور اس کے ماتحت تمام فٹبال کلبز کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت بھی نہیں ہوگی ۔معطلی کا مطلب یہ بھی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن یا اس کی ذیلی رکن تنظیموں کے اراکین یا حکام فیفا یا ایشین فٹبال فیڈریشن کے کسی قسم کے ترقیاتی پروگرام، کورس یا ٹریننگ میں شریک نہیں ہو سکتے۔

شیئر: