Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر ارم قلبانی کی کمی عرصہ تک محسوس ہوگی، سفیر پاکستان

انسانی زندگی کا سرمایہ وہی وقت ہے جو خاندان اور دوستوں میں بسر ہو، خان ہشام
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ انسانی زندگی کا سرمایہ وہی وقت ہے جو خاندان اور دوستوں میں بسر ہوتا ہے اس لئے دوسروں کی خدمت کو مطمع نظر بنالینا چاہیئے۔ وہ ڈاکٹر ارم قلبانی کے اعزاز میں ڈاکٹر حبیب میمن اور ڈاکٹر صائمہ میمن کی طرف سے دیئے گئے الوداعی عشایئے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ مستقلاً سعودی عرب ترک کرکے کینیڈا جانے والی ڈاکٹر ارم قلبانی ہردلعزیز شخصیت ہیں ان کی کمی عرصہ تک محسوس کی جاتی رہے گی ۔ تقریب کے ناظم وقار نسیم وامق نے اپنے مقالے میں ڈاکٹر ارم کو ملنسار، انجمن ساز اور ذہین شخصیت قرار دیا۔ ارشد شیخ نے کہا کہ موصوفہ نے شہر کے ادبی اور سماجی حلقوں میں جو مقام حاصل کیا وہ کسی اور کو حاصل نہیں ہوا۔ ہمنوا کی صدر بلقیس صفدر نے کہا کہ ڈاکٹر ارم کے دل میں انسانیت کیلئے بے حد پیار ہے اور ان کی غیر حاضری شدت سے محسوس کی جائے گی۔ عبدالشکور شیخ نے کہا کہ گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے الوداعی تقریبات کا سلسلہ چل رہا ہے جو ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خواتین کی تنظیم ماورا کی صدر تسنیم امجد نے واضح کیا کہ موصوفہ کینیڈا میںطبی تحقیق کو نئے زاویوں سے روشناس کراسکتی ہیں کیونکہ وہ ایک گرم خطے سے انتہائی سرد ملک جاری ہیں۔ اسماءشہاب نے کہا کہ ڈاکٹر ارم خوش اخلاق انسان ہیں۔ مکتبہ دارالسلام کی جانب سے ڈاکٹر ارم اور حبیب میمن کو دینی کتب کے تحائف پیش کئے گئے۔

شیئر: