Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز: سری لنکا کو ہرا کر پاکستان کی 0-2کی برتری

ابو ظبی: پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 32 رنز سے شکست دے کر 5میچوں کی سیریز میں 0-2کی برتری حاصل کرلی۔ ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کے ساتھ شاداب خان کے نہایت ذمہ دارانہ 52رنز کی بدولت پاکستان نے 9 وکٹ پر 219 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 48اوورز میں 187 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا توآج شہزاد احمد کے ساتھ فخر زمان بھی جلد آوٹ ہو گئے۔فخر زمان 11اور احمد شہزاد 8رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ بھی جلد بازی میں ایک چھکا لگا کر 8 رنز پر واپس پویلین آگئے۔اس میچ میں شعیب ملک بھی جلد بازی میں 11رنز پر آوٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد بھی وکٹ کو نہ سمجھ سکے اور صرف 5رنز پر پریرا نے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔اس وقت 20ویں اوور میں مجموعی اسکور 79رنز تھا۔ٹاپ آرڈر کی مکمل ناکامی کے بعد گرین شرٹس کا 50 اوورز مکمل کرنا مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن پہلے میچ کے سنچری میکر بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنے۔ اس دوران بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف مسلسل دوسری اور اپنے کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی جبکہ شاداب خان نے نہایت ذمہ دارانہ ساتھ نبھاتے ہوئے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنا ڈالی۔بابراعظم آخری اوور میں 101 رنز بناکر آوٹ ہوئے جس کے بعد حسن علی نے آتے ہی پہلی گیند پر شاندار چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ رن آوٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو گمیج نے 4، تھیسارا پریرا نے 2 ، سرنگا لکمل اور جیفری ویندرسے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس میچ میں بھی بابر اعظم کو سنچری بنانے کے باوجود مین آف میچ کا اعزاز نہ مل سکا۔ شاداب کے محفوظ ترین 52رنز اور 3وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا اعزاز بھی شاداب خان کے حصے میں آیا۔220رنز کے نسبت آسان ہدف کیلئے سری لنکا کی جانب سے نروشن ڈکویلا اور کپتان اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن جنید خان نے تیسرے ہی اوور میں ڈکویلا کو 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد کوشل مینڈس بھی صرف 10 رنز ہی بناسکے وہ حسن علی کا شکار بنے۔ اس کے بعد تھریمانے 12، چندیمل 2، سری وردنا 3، تھیسارا پریرا 7 اور دنانجیا صرف ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ایک موقع پر 93رنز پر سری لنکا کے 7کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے اور پاکستان ایک بار پھر واضح فرق سے میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھا مگر کپتان تھرنگا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور کسی حد تک ویندرسے نے 22رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا لیکن دوسرے اینڈ سے یکے بعد دیگرے سری لنکن اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ کپتان اوپل تھرنگا نے سنچری بناتے ہوئے 112رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی لیکن 48ویں اوور کی آخری گیند پر لاہیرو گمیج نے 187کے مجموعی اسکور پر رن آوٹ ہو کر ان کی جیت کی آخری امید ختم کردی۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 ، رومان رئیس، جنید خان، حسن علی، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: