Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی امارات میں 5 ون ڈے میں5سنچریاں

 ابو ظبی: پاکستانی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 ون ڈے میچز میں 5 سنچریاں اور سب سے کم اننگز میں7سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ ابو ظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ابتدائی 6 وکٹیں 101 رنز پر گر چکی تھیں۔ اس مرحلے پر بابر اعظم نے نہ صرف شاداب خان کے ساتھ مل کر 109کی شاندار شراکت قائم کی بلکہ سیریز میں مسلسل دوسری ،متحدہ عرب امارات میں مسلسل پانچویں اور کیریئر کی ساتویںسنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے۔ بابر اعظم 133 گیندوں پر 101 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو یہ ان کی سری لنکا کے خلاف دوسری، کیرئیر کی ساتویں اور یو اے ای میں مسلسل پانچویں سنچری تھی جو دنیا کے کسی بھی بلے باز کی جانب سے ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے پہلے میچ میں بھی 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں بھی انہوں نے مسلسل3 سنچریاں اسکور کی تھی۔بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں بالترتیب 117، 123 اور 120 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔ سنچری کے ذریعے انہوں نے جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ کو بھی ان کے ایک ریکارڈ سے محروم کردیا۔یہ بابر اعظم کے کیریئر کی ساتویں سنچری ہے اور وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں 7 سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔بابر نے اپنے کیریئر کی 33ویں اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے 41 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

شیئر: