Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاراشٹر : سرکاری ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال

    ممبئی۔۔۔۔۔۔۔مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ  ٹرانسپورٹ کارپوریشن  کے  ایک لاکھ سے زائد  ملازمین نے تنخواہوں میں اضافہ  نہ ہونے کیخلاف  منگل سے غیر معینہ  مدت کیلئے  ہڑتال شروع کردی ہے جس کے نتیجے میں  ہزاروں افراد  پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔  دراصل  سرکاری ٹرانسپورٹ کے ملازمین  کی یہ ہڑتال ہندو تہوار  دیوالی سے  2روز قبل  ایسے موقع پر کی گئی ہے جب  لوگوں کو ممبئی سے اپنے آبائی شہروں کیلئے سفر کرنا  ہے۔  پیر کی  نصف  رات سے شروع   ہوئی ہڑتال کی وجہ  سے جو رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں  ریاست کی بی جے پی سرکار  انہیں دور کرنے کی کوشش میں جٹ گئی ہے کیونکہ سرکار  اور  ٹرانسپورٹ  کارپوریشن کے ملازمین کے درمیان تنخواہ میں اضافہ سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا اور  مذاکرات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔  دیوالی کے موقع پر ہڑتال نے حکومت کیلئے  یقینا مشکلات پیدا کردی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے  ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے  پرائیویٹ اور  اسکول  بسوں کو  اس بات کی اجازت  دے دی ہے کہ وہ  لوگوں کو  ان کے شہروں تک  پہنچا دیں  جس کیلئے مقررہ کرائے سے زیادہ وصول نہ کئے جائیں۔  ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اس ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیدیاہے ۔  کارپوریشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دیوالی کے موقع پر ملازمین کی ہڑتال قطعی غیرقانونی ہے کیونکہ اس سے  ہزاروں  مسافروں کو  پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔  مہاراشٹر کے  ایس ٹی ورکس یونین  کے  صدر  سندیپ  شیندے نے بتایا کہ  ساتویں تنخواہ کمیشن  کو  نافذ کرنے  اور اس کی سفارشیں  لاگو  ہونے تک  25 فیصد تک تنخواہوں میں عارضی  اضافہ کرنے کا مطالبہ کیاگیا تھا  لیکن  بی  جے پی حکومت نے اسے ماننے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں  ٹرانسپورٹ کے  1.02 لاکھ  ملازمین نے  غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کردی ہے جس کے باعث  تمام  مسافروں بسوں کو  ڈپو میں کھڑا کردیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ  جب تک  حکومت تنخواہوں میں عارضی اضافے کا مطالبہ منظور نہیں کرتی اس وقت تک ایک بھی بس ڈپو سے باہر نہیں آئیگی۔  انہوں نے کہا کہ  حکومت تنخواہوں میں اضافے  کا صرف ایک فیصد  دینے کو تیار ہے جو  ملازمین کو قابل قبول نہیں۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ملازمین کے مطالبات مان لئے جاتے ہیں  تو ہڑتال فوری طور پر واپس لے  لیجائے گی۔ شیندے نے کہا کہ وہ  دیوالی کے موقع پر مسافروں کو  بسوں کی عدم  دستیابی  سے ہونے والے پریشانی پر  معذرت خواہ ہیں۔

شیئر: