Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ نے پٹرول مصنوعات کے کاروبار کے قانون کی منظوری دیدی

  ریاض....  سعودی کابینہ نے پٹرول مصنوعات کے کاروبار کے قانون اور سعودی سرکاری ملازمین کو ڈپوٹیشن پر بھیجنے کے ضابطوں کی منظوری دیدی۔ فیصلہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ سے اپنے ٹیلیفونک رابطے کی تفصیلات سے ارکان شوریٰ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ، ایران کی جارحانہ سرگرمیوں ، خطے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرپرستی کو لگام لگانے سے متعلق امریکی صدر کی فیصلہ کن حکمت عملی کی تائید و حمایت کرتا ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب امریکی صدر کے اعلانیہ اہداف حاصل کرنے کیلئے امریکہ کے ساتھ مل جل کر کام کرتے رہنے کے اپنے عہد کا پوری طرح سے پابند ہے۔ شاہ سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس اور عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی کے ساتھ اپنے ٹیلیفونک رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرثقافت و اطلاعات ڈاکٹر العواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے مصر کے شہر العریش ، صومالیہ کے دارالحکومت کے شہر موغادیشو او وسطی افریقہ کے شہر کیمبی کی مسجد پر دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ ممالک کو انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ کابینہ نے وزیر اقتصاد کو کوریا کے ساتھ تعاون کی یادداشت وزیر توانائی کو مراکش کے ساتھ ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال سے متعلق تعاون کے معاہدے کا اختیار تفویض کیا۔ ساما کے گورنر کو مالیاتی منڈیوں اور خدمات عامہ کے سلسلے میں امارات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار سپرد کیا۔ کابینہ نے محکمہ سیاحت و قومی ورثے کی مجلس انتظامیہ کے ممبران کی 3برس کیلئے تقرریاں کیں۔ 

شیئر: