Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز میں کلین سویپ نہ کیا تو افسوس ہوگا ،مکی آرتھر

شارجہ:پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا ہے اگر سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 0-5سے جیت کر کلین سویپ نہ کیا تو مجھے افسوس ہوگا۔ اوپنر فخر زمان کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہ اگر میں کہوں مجھے اس کی بیٹنگ کے حوالے سے کوئی فکر نہیں تو یہ جھوٹ ہوگا۔فخر زمان ہمارا بہت اچھا کھلاڑی ہے ۔حالیہ سیریز میں اس کی خراب بیٹنگ فارم ہم سب کےلئے تشویش کا سبب ہے ۔ انگلینڈ میں جارحانہ بیٹنگ کےلئے سازگار وکٹ پر اس نے شاندار کارکردگی دکھا ئی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا لیکن متحدہ عرب امارات کی وکٹیں نسبتاً مختلف ہیں لیکن اسے ہر قسم کی وکٹوں پر بولرز کا سامنا کرنا چاہئے ۔ ہماری کوشش ہے کہ وہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ دیر کھڑا ہونے کی کوشش کرے اور سنگل اور ڈبلز کے ذریعے اسکور کو آگے بڑھانے میں بھی دلچسپی کا مظاہرہ کرے تاکہ فلیٹ وکٹوں پر کامیاب ہو سکے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ جلد فارم میں آجائے گا۔ٹیم کے انجری مسائل کے بارے میںانہوں نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کا ان فٹ ہو جانا پریشانی کا سبب ضرور ہے لیکن ہم اب بھی اس پوزیشن میں ہیں کہ آخری میچ آسانی سے جیت سکیں۔ہمیں اسے جیتنا چاہئے کیونکہ اگر0-5سے سیریز اپنے نام نہ کی تو مجھے افسوس ہوگا۔ ٹیم اس وقت فتوحات کی راہ پر گامزن ہے اور یہ سلسلہ آگے بڑھتے رہنا چاہئے۔ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کو مکی آ رتھر نے مایوس کن قرار دیا اور کہا حفیظ ٹیم کے اہم رکن ہیں اور آل راونڈر کے طور ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ اس سیریز میںانکی کارکردگی ہی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے محمدحفیظ اپنا بولنگ ایکشن درست کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

شیئر: