Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سری لنکا 5ون ڈے کی سیریز میں کوئی نوبال نہیں ہوئی

 سرفراز الیون نے سری لنکن ٹیم کو جیت کا مزہ بھی نہیں چکھنے دیا
 آغا ندیم ذکاء ۔جدہ
متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی گئی 5ون ڈے میچوں کی سیریز کی سب سے خاص بات تو یہ رہی کہ کسی میچ میں بھی سرفراز الیون نے سری لنکن ٹیم کو جیتنے کی پوزیشن کی جانب بڑھنے بھی نہیں دیا اور چھٹی بار ون ڈے سیریز میں کلین سویپ فتح حاصل کی۔ دوسری جانب اس سیریز کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پانچوں ون ڈے میں دونو ںٹیموں کے تمام بولرز نے کوئی گیند ایسی نہیں پھینکی جسے امپائر کی جانب سے نوبال کا اشارہ دینا پڑا ہو۔ پوری سیریز میں کوئی نوبال نہیں ہوئی۔ 13اکتوبر کو دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میںسری لنکا کی جانب سے 50اوور کرانے میں 6بولرز نے حصہ لیا جبکہ مقابلے میں پاکستان کی جانب سے 7بولرز نے 50اوورز کرائے لیکن کسی بھی بولر نے کوئی نوبال نہیں کرائی۔ دوسرا میچ 16اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلا گیا ۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور سری لنکا کی جانب سے 6بولرز کو آزمایا گیا۔ جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 48اوورز پر سمٹ گئی۔ 7پاکستانی بولرز نے انہیں ہدف حاصل کئے بغیر پویلین واپس بھیجنے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس میچ میں بھی دونوں جانب سے کوئی نوبال نہیں پھینکی گئی۔ 18اکتوبر کو ابوظبی میں ہی تیسرا ون ڈے کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان کے 6بولرز نے سری لنکن ٹیم کو 49ویں اوورز کی دوسری گیند پر 208رنز تک محدود رکھا۔جواب میں گرین شرٹس نے 43ویں اوور میں ہدف حاصل کر کے نہ صرف میچ جیتا بلکہ 3-0سے سیریز کو بھی ناقابل شکست بنا دیا۔ سری لنکا کے 6بولرز نے سیریز کے فیصلے کو اگلے میچ تک لیجانے کی بھرپور کوشش کی جو کارگر ثابت نہ ہوئی۔اس میچ کی بھی خاص بات یہ رہی کہ دونوں جانب سے کسی بھی بولر نے کوئی نوبال نہیں کرائی۔ شارجہ میں20اکتوبر کو کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند تھے اور اب سیریز محفوظ کرنے کے بعد سرفراز الیون کلین سویپ کی نئی منزل کی جانب رواں تھی۔ 6پاکستانی بولرز نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو 6اوورزقبل ہی 173رنز پر واپس پویلین کی راہ دکھا دی۔اس میچ میں پاکستان نے 39اوورز میں ہدف حاصل کر کے سیریز کا نتیجہ 4-0کر دیا۔ دونوں جانب سے کسی بھی بولر نے نوبال نہیں کرائی۔23اکتوبر کو پانچواں اور آخری ون ڈے بھی شارجہ ہی میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں سری لنکن ٹیم انتہائی ڈری اور سہمی ہوئی لگ رہی تھی۔ 103رنز پر پوری ٹیم ہی سمٹ گئی جبکہ پاکستان کے 6بولرز کو صرف26اوورزہی کرانا پڑے۔جوابی بیٹنگ میں 20اوورز اور 2گیندوں پر پاکستان نے ہدف حاصل کرلیا۔ اس میچ میں سری لنکا کی جانب سے 5بولرز آزمائے گئے ۔ پانچویں اور آخری میچ میں بھی کسی بولرز نے نوبال نہیں کرائی۔ پاکستان کے بولنگ اسکواڈ میں نوجوان بولرز حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف، رومان رئیس،جنید خان، عماد وسیم اور عثمان خان شنواری کو بولنگ کوچ اظہرمحمود کی کوچنگ کے ساتھ ساتھ محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے آل راونڈر ز کے مفید مشورے بھی حاصل ہیں۔ 

شیئر: