Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل نے مجھے نیا اعتماد دیا، پاکستانی بولر رومان رئیس

کراچی:پاکستانی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں حالیہ شاندار کارکردگی کا سہرا نوجوان کرکٹرز کے سر باندھا جا رہا ہے جو حریف بیٹسمینوں کو سنبھلنے نہیں دے رہے۔اگرچہ اس غیر معمولی بولنگ میں حسن علی اور شاداب خان نمایاں طورپر سامنے آئے، ان دو کے علاوہ دیگر بولر بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں کامیاب رہے ہیں جن میں فہیم اشرف اور رومان رئیس اور عثمان شنواری ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے 26 سالہ تیز بولر رومان رئیس کو اگرچہ کھیلنے کے زیادہ مواقع نہیں ملے اس کے باوجود وہ ایک موثر بولر کے طور پر سامنے آئے ہیں تاہم ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج خود کو مکمل فٹ ثابت کرکے ٹیم میں جگہ بنانا ہے۔رومان رئیس اب تک4 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں اور انھوں نے یہ میچ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی مختلف کنڈیشنز میں کھیلے ہیں۔ان کا کہنا تھا اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ جو بھی کنڈیشن ہو اس سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں۔رومان رئیس انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرتے وقت چند بنیادی باتوں پر عمل کرنا بہت ضروری سمجھتے ہیں۔ رومان رئیس ان کرکٹروں میں سے ایک ہیں جن کے کیریئر میں پاکستان سپر لیگ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے نیا اعتماد پی ایس ایل نے دیا ہے۔ اگرچہ میں پہلے بھی فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ون ڈے ٹورنامنٹس کھیلتا رہا ہوں لیکن پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹروں اور غیر ملکی کوچز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بڑی کرکٹ کا جو دباو ہوتا ہے اس کا مقابلہ کس طرح کیا جائے۔ اب جب میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوں مجھے کراوڈ اور بڑے میچ کا پریشر محسوس نہیں ہوتا کیونکہ پی ایس ایل کا معیار انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ہے۔رومان رئیس گزشتہ سال پہلی بار ٹیم میں منتخب ہوئے تھے لیکن ان فٹ ہوگئے اورکچھ عرصہ بعد ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ۔آج کل کی کرکٹ میں حسن علی کا وکٹ لے کر جشن منانے کا انداز دنیا بھر میں مشہور ہو چکا ہے لیکن رومان رئیس نے بھی اس معاملے میں انفرادیت قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ وکٹ لینے کے بعد ہاتھ بلند کرتے ہوئے بالکل خاموش کھڑے ہو جاتے ہیں جیسے کہیں کھو گئے ہوں اور پھر مسکرا دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ اندازپی ایس ایل میں شروع کیا تھا جسے سب نے پسند کیا تو میں نے اسے مستقل اپنا لیا۔ میں بولنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز دکھاتا ہوں لیکن چاہتا ہوں کہ جب وکٹ ملے تو پرسکون رہوں۔رومان رئیس نے گزشتہ دنوں قائد اعظم ٹرافی میں یو بی ایل کی جانب سے لاہور وائٹس کے خلاف میچ کی ایک اننگز میں9 وکٹیں حاصل کیں ۔
 

شیئر: