Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے کا چارٹ

سعودی محکمہ ٹریفک نے خلاف ورزیوں کے نئے جرمانوں پر عمل درآمد26اکتوبر سے شروع کردیا ہے۔ نئی ٹریفک خلاف ورزیوں اور ان پر جرمانوں کی منظوری اگست میں کابینہ نے دی تھی۔انکی خصوصیت یہ ہے کہ پہلے خلاف ورزیوں کا دائرہ محدود تھا اب وسیع کردیا گیا ہے۔ ماضی میں خلاف ورزیوں پر جرمانے کم تھے اب بہت زیادہ کردیئے گئے۔ محکمہ ٹریفک نے25محرم کو مملکت بھر کے تمام اداروں کو تحریری ہدایت جاری کی تھی کہ ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد نئے جرمانوں کا نفاذ شروع کردیا جائے۔ سعودی محکمہ ٹریفک نے 100ریال سے 10ہزار ریال تک کے جرمانوں پر مشتمل ٹریفک خلاف ورزیوں کے 7چارٹ جاری کردیئے۔

پہلے چارٹ میں مذکور خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر500تا 900ریال جرمانہ ہوگا یا گاڑی محکمے کے قبضے میں لے لی جائیگی۔ چارٹ1 کے تحت 16خلاف ورزیاں بتائی گئی ہیں۔ 1۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول سے قبل گاڑی چلانا، 2۔ عقبی نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلانا (خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی قبضے میں لے لی جائیگی)، 3۔ مخالف سمت میں گاڑی چلانا، 4۔ پبلک روڈز پر گاڑی زگ زیگ طریقے سے چلانا، 5۔ مقررہ رفتار سے 25کلو میٹر فی گھنٹے کے حساب سے زیادہ تیز چلانا، 6۔ ڈھلوانوں اورچڑھائی جیسے مقامات پر اوور ٹیک کرنا، 7۔ گاڑی پر لدے ہوئے سامان کو نہ ڈھکنا اور نہ باندھنا، 8۔ سگنل پر گاڑی پوری طرح سے نہ روکنا،9۔ (آپ کے سامنے والے کوافضلیت حاصل ہے)سگنل پرپوری طرح سے رک کرسامنے والی گاڑی کو آگے بڑھنے نہ دینا جبکہ آگے والی گاڑی افضلیت والے راستے پر موجود ہو، 10۔ یکساں درجے والے سگنل تک رسائی کے وقت دائیں جانب سے آنے والی گاڑی کو ترجیح نہ دینا جبکہ وہاںترجیح کی علامت نہ ہو،11۔ ترجیحی علامت نہ ہونے کی صورت میں شاہراہ پر موجود گاڑیوں کو ترجیح نہ دینا، 12۔ ٹریفک منظم کرتے وقت سیکیورٹی اہلکار کے ہاتھ کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنل پر ترجیحی علامت کا احترام نہ کرنا، 13۔ سگنل نہ ہونے یا ٹریفک کو منظم کرنے والے سیکیورٹی اہلکار کی عدم موجودگی میں خارجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے چوراہے کے اندر گاڑیوں کو ترجیح نہ دینا، 14۔بریک ، لائٹ یا عام لوگوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی ضروری تیاریوںکے بغیر گاڑی چلانا،15۔ رات یا منظر نامہ صاف نہ ہونے والے موسم میں بغیر لائٹ کے گاڑی چلانا، 16۔ انڈر پاس کے اندر ہیڈ لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا۔ چارٹ 2کے تحت خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 300تا 500ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے یا گاڑی محکمہ کے قبضے میں لینے پر اکتفا کیا جائیگا۔

اس ضمن میں 10خلاف ورزیاں بیان کی گئی ہیں۔ 1۔ قانونی کارروائی کے بغیر گاڑی کے ڈھانچے یا اسکی شکل میں کوئی ترمیم یا اضافہ کرنا(گاڑی خلاف ورزی کے ازالے تک محکمہ کے قبضے میں ہوگی)، 2۔ شاہراہوں پر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑی چلانا (گاڑی خلاف ورزی کے ازالے تک محکمہ کے قبضے میں ہوگی)، 3 ۔فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے زیادہ 25کلو میٹر کے اندرگاڑی چلانا، 4۔ سگنل پر ٹریفک ضوابط کی پابندی نہ کرنا، 5۔ گاڑی کو لائسنس سے مختلف مقصد کیلئے استعمال کرنا، 6۔ گاڑی میں سواریوں کے لئے غیر مخصوص جگہوں پر بٹھا کر انہیں سفر کرانا، 7 ۔ سڑک پر متعین لائنوں کے دائروں کی پابندی نہ کرنا، 8۔ شاہراہوں پر ایسی اشیاء اور ٹھوس چیزیں چھوڑ دینا جو لوگوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالتی ہوں، 9۔ سرکاری قافلوں یا ایمرجنسی والی گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر گزرنے کی اجازت نہ دینا، 10 ۔ غیر موثر ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانا۔چارٹ نمبر 3میں مذکور خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 150 سے 300ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔

اس ضمن میں 15خلاف ورزیاں متعین کی گئی ہیں۔ 1۔ ٹرک کے قانونی تقاضے پورے نہ کرنا، 2 ۔ سالانہ فحص نہ کرانا، 3۔ لائٹ کے استعمال کے ضابطوں کی پابندی نہ کرنا، 4۔ شاہراہوں پر ہنگامی حالت میں گاڑی روکتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر نہ کرنا، 5۔ گاڑی کے اندر ڈرائیور کے دیکھنے میں رکاوٹ ڈالنے والے اقدامات کرنا، 6۔ ڈرائیونگ کے دوران لائسنس یا استمارہ نہ رکھنا،7۔ بغیر احتیاطی تدابیر کے گاڑی کو ڈھلوان پر چھوڑ دینا، 8۔ سڑکوں پر ٹریفک نظام کی خلاف ورزی کرنا، 9۔ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا، 10۔ بچوں کیلئے مخصوص حفاظتی نشستیں استعمال نہ کرنا، 11۔ ترجیحی ضوابط کا لحاظ نہ کرنا،12 ۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل ہاتھ میں لیکر استعمال کرنا، 13۔ ہارن کا غلط استعمال، 14۔ غیر مخصوص لائنوں پر گاڑی لیکر چلنا، 15۔ جانوروں کے مالکان کا انہیں راستے سے نہ ہٹانا۔ چارٹ نمبر4میں مذکور خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 100تا 150ریال جرمانہ متعین کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں 11خلاف ورزیاں بیان کی گئی ہیں۔ 1۔ شاہراہوں پر گاڑی بلا ضرورت ایسی جگہوں پر چھوڑ دینا جو اس مقصد کیلئے نہ ہوں، 2۔ گاڑی سے سفر کرتے ہوئے کچھ بھی ٹھوس چیز باہر پھینکنا، 3۔ سامنے والی نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلانا، 4۔ گاڑی چلاتے ہوئے اترنا یا سوار ہونا، 5۔ پیدل چلنے والوں کا غیر مخصوص جگہوں سے راستہ عبور کرنا، 6۔ پیدل چلنے والوں کا مقررہ علامتوں کی پابندی نہ کرنا، 7۔ ٹریفک کو معطل کرنے والے انداز میں آہستہ آہستہ چلنا، 8۔ گاڑی پارکنگ کیلئے غیر مخصوص جگہوں پر کھڑی کرنا،9۔ گاڑی معذوروں کیلئے مخصوص پارکنگ میں پارک کرنا، 10۔ گاڑی چلاتے وقت راستے کے سوا کسی اور کام میں مصروف ہونا، 11۔ گاڑی انشورنس کی دستاویز ہمراہ نہ ہونا۔ چارٹ نمبر 5میں مذکور خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر ایک ہزار تا 2ہزار ریال جرمانہ کیا جائیگا۔ اس ضمن میں 8خلا ف ورزیاں درج کی گئی ہیں۔1۔ ریلوے لائن پر گاڑی پارک کرنا، 2۔ استمارے میں متعین تعداد سے زیادہ سواریاں بٹھانا، 3۔ ڈرائیور یاگاڑی کیلئے مخصوص دستاویزات طلب کرنے پر پیش نہ کرنا، 4۔ گاڑی کی نمبر پلیٹ کا دھیان نہ رکھنا، 5۔ گاڑی کی نقل ملکیت کی کارروائی مکمل نہ کرانا، 6۔ گاڑی کے استعمال کے دائرے میں ترمیم کی کارروائی مکمل نہ کرانا، 7۔ مقررہ مدت کے اندر برآمد کیلئے تیار گاڑی کو باہر نہ لیجانا، 8۔ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننا۔ چارٹ نمبر 6میں مذکور خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 3 ہزار تا 6ہزار ریال جرمانہ متعین کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں 10خلاف ورزیاں دی گئی ہیں۔ 1۔ بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانا (خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)، 2۔ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا (خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)، 3 ۔ غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنا(خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)، 4۔ گاڑی میں ایمرجنسی گاڑیوں او رسرکاری گاڑیوںجیسے اضافے کرانا (خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)،5۔ ریڈ سگنل کے دوران گاڑی آگے بڑھانا، 6۔ اسکول ٹرانسپورٹ کی بسوں کو سواریاں لیتے یا اتارتے وقت اوور ٹیک کرنا، 7۔ پبلک امور انجام دینے والی گاڑیوں کو نقصانات سے بچانے کیلئے لازم ضروری تدابیر اپنائے بغیر چلانا اس ضمن میں گاڑی کے عقبی حصے کے دونوں جانب روشنی منعکس کرنے والے بلب نہ لگانا بھی شامل ہے(خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)، 8 ۔ روڈ کی علامتوں یا ٹریفک کو منظم کرنے والے پول یا روشنی منعکس کرنے والی نشانیوں کو چھیڑنا، 9۔ گاڑی روکنے کی علامت یا ہدایت پرچیک پوسٹ یا سیکیورٹی گشتی دستے کے قریب نہ روکنا، 10۔ گاڑی میں غیر اجازت یافتہ آلات استعمال کرنا یا قومی تہذیب کے منافی نعرے یا اسٹیکرز لگانا۔ ساتویں چارٹ میں مذکور خلاف ورزیوں پر 5ہزار تا 10ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ اس ضمن میں 3خلاف ورزیاں دی گئی ہیں۔1۔ گاڑی کی شناخت والی نشانیوں کو مٹانا یا اسکی کوشش کرنا (خلاف ورزی کے ازالے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہیگی)،2۔ نشہ آور اشیاء کے اثر یا بے ہوش کرنے والی شے کے استعمال یا ایسی دوائیں لیکر گاڑی چلانا جنہیں استعمال کرنے پر ڈرائیونگ سے منع کیا گیا ہو، 3۔ متعلقہ ادارے سے تال میل پیدل کئے بغیر سڑکوں پر کوئی کام کرنا۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک حادثے کے فریق ہر ڈرائیور کا فرض ہے کہ وہ گاڑی کو حادثے کی جگہ کھڑی کردے اور متعلقہ ادارے کو حادثے سے مطلع کردے۔ اگر زخمیوں کی مدد نہ کی تو ایسی صورت میں اس پر 10ہزار ریال جرمانہ یا 3ماہ تک قید یا دونوں سزائیں ہونگی۔

شیئر: