Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 19ایشیا کپ:افغانستان نے پاکستان کو 57رنز پر ڈھیرکردیا

 
کوالالمپور:ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام انڈر 19ون ڈے کپ کے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پاکستان کو بدترین شکست سے دوچار کرتے ہوئے 7وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم20اوورز میں صرف57رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ افغان بولر مجیب اللہ نے6وکٹیں لیں۔ افغانستان نے مطلوبہ ہدف 9.1اوورز میں حاصل کرلیا ۔افغان کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب پاکستان کے ابتدائی 3بیٹسمین صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر محمد عارف اورحماد خان کے علاوہ عبداللہ شفیق بھی صفر پر آوٹ ہوئے تو ایک رن پر 3وکٹیں گر چکی تھیں ۔ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے 6کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے ۔ٹاپ اسکور طحہ ٰنے 14رنز بنائے جبکہ کپتان حسن خان اور محسن خان 12،12رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔افغان بولر مجیب نے23رنز دے کر 6وکٹیں لیں جبکہ نوین الحق اوریوسف ز ئی نے 2،2 وکٹیں لیں۔ افغان کپتان کو ان تینوں کے علاوہ کسی اور بولر کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ مختصر ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹسمینوں کی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور پاکستانی بیٹسمینوں کی طرح بولرز بھی ناکامی کا شکار نظر آئے ۔ افغان ٹیم نے 10ویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف حاصل کیا اور درویش رسولی نے حمد خان کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ افغانستان نے3وکٹوں کے نقصان پر 62رنز اسکور کئے۔ مجیب اللہ کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستانی بولر اشعر قریشی کے ایک اوور میں16رنز اسکور ہوئے جبکہ کپتان حسن خان نے 3اوورز میں22رنز دیئے ۔ 

شیئر: