Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن اسپنر کا منفرد ایکشن

کوالا لمپور: ایشیا کپ انڈر19کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک سری لنکن ٹیم کے اسپنر کیون کوتھیگوڈا نے اپنے منفرد اور حیرت انگیز ایکشن سے جنوبی افریقی بولر پال ایڈمز کی یاد تازہ کر دی ۔18سالہ کوتھیگوڈا نے اسی ٹورنامنٹ کے ذریعے سری لنکا کےلئے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے اور وہ اپنی منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے لگے ہیں۔جنوبی افریقی بولر پال ایڈمز بائیں ہاتھ سے بولنگ کرتے تھے، سری لنکن اسپنر دائیں ہاتھ سے گیند پھینکتا ہے تاہم گیند کرتے ہوئے آخری مرحلے میں وہ جس طرح اپنے بازو کو سر کے اوپر سے گھما کربال کرتا ہے وہ حیران کن ہے اور بادی النظر میں یقین نہیں آتا کہ وہ اپنے بازو کو اس انداز میں کیسے گھما رہا ہے ۔ سری لنکا کی اے ٹیم کے سابق رکن دھمیکا سدھرشنا کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی ایکشن کے دوران وہ گیند پھینکتے وقت وکٹ کو بھی نہیں دیکھ رہا ہوتا لیکن اس کے باوجود اس کی لائن لینتھ بالکل درست ہو تی ہے اوریہی اس کی بولنگ کا کمال ہے ۔اس کا یہ ایکشن فطری ہے اور ابتدا ءمیں اسے وکٹ نظر نہ آنے کی وجہ سے کچھ مشکل پیش آتی تھی تاہم اس نے بہت تیزی سے اپنی اس کمزوری پر قابو پالیا ہے اور بیٹسمینوں کو پریشان کرنے لگا ہے ۔کوتھیکوڈا نے افغانستان اور پاکستان کے خلاف میچوں کے دوران ایک، ایک وکٹ لی ۔اس کے ایکشن کی وجہ سے بیٹسمین نروس ہو جاتا ہے جبکہ شاندار فیلڈر اور بہترین بیٹسمین ہو نے کی وجہ سے بھی آل راونڈر کے طور پر اس کا مستقبل انتہائی روشن ہے ۔

شیئر: