Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیاکپ انڈر19 : دفاعی چیمپیئن ہند کو نیپال نے ہرادیا

کوالالمپور:ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام انڈر19ایشیا کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 3وکٹوں سے ہرا دیا۔ دوسری جانب نیپال کی ٹیم نے دفاعی چیمپیئن ہند کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔ گروپ اے میں نیپال نے غیر متوقع طور گزشتہ سال کی چیمپیئن ہند کی ٹیم کو 19رنز سے شکست سے دوچار کر دیا ۔ نیپال نے پہلے کھیلتے ہوئے8وکٹوں کے نقصان پر 185رنز بنائے۔ دپندر سنگھ نے88اور جتندر سنگھ نے 36رنز کی اننگز کھیلیں۔ 186رنز کا ہدف ہند کی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے زیادہ مشکل نظر نہیں آرہا تھا۔ نیپالی بولرز نے ہندوستانی بیٹسمینوں کو قابو کر لیا اور 166رنز پر پوری ٹیم کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہو گئے۔دپندر سنگھ نے شاندار آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہند کی جانب سے ہمانشو رانا36اورمنجوت کالرا35رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دپندر سنگھ کو88رنز کی عمدہ اننگز کے ساتھ 4وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔گروپ بی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہو نے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4اوورز میں 141رنز بنائے۔آشن بندرا نے 49 جبکہ کیون کوتھیگوڈانے 20رنز بنائے 6کھلاڑیوں کو ڈبل فگرزمیں پہنچنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔پاکستان کی جانب سے منیر حفیظ اورمحمد موسیٰ نے3،3 وکٹیں لیں۔2کھلاڑیوں کو شاہین آفریدی نے پویلین واپس بھیجا۔سری لنکن بولرز نے اس چھوٹے ہدف کا بھی عمدگی سے دفاع کرنے کی کوشش کی اور 38رنز پر پاکستان کے3کھلاڑیوں کو آوٹ کر دیا تھا تاہم اس مرحلے پر محمد طحہٰ نے صورتحال کو سنبھالا اور وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ساتھ مجموعی اسکور کو69رنز تک پہنچا یا اس اسکور پر طحہٰ31رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جس کے بعد سعد خان نے روحیل کا عمدگی سے ساتھ دیا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 54رنز اسکور کئے ۔ روحیل نذیر48،سعدخان 22اورمحمد محسن خان6رنز بنا کر آ وٹ ہو ئے تو پاکستان کو فتح کے لئے 3رنز کی ضرورت تھی اور 3ہی وکٹیں باقی تھیں ۔حسن خان اور محمد موسیٰ نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچایا اور 33ویں اوور کی پہلی گیند پر فتح سمیٹ لی۔پراوین جے وکرما نے شاندار بولنگ کی اور صرف28رنز دے کر 4وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔

شیئر: