Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی سعودی سرحدوں کے قریب جاسوسی کے ایرانی آلات دریافت

بغداد.... عراقی سیکیورٹی اداروں نے سعودی سرحدوں کے قریب جنوبی عراق میں مختلف مقامات سے جاسوسی کے ایرانی آلات دریافت کرکے ضبط کرلئے۔ ایک سیکیورٹی عہدیدار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل ہی عراقی سیکیورٹی اداروں کو سعودی عراقی سرحدوں کے قریب جاسوسی کے ایرانی آلات ملے تھے۔ عراقی سیکیورٹی اداروں کو یقین ہوگیا ہے کہ یہ آلات موبائل کے رابطوں ، وائرلیس پر ہونے والے گفت و شنید، انٹرنیٹ کے ذریعے ہونےو الی سلسلہ جنبانیوں اور فضائی سرگرمیوں کا پتہ لگانے میں موثر تھے۔ ان آلات میں طیاروں کی نقل و حرکت ریکارڈ کرنے والے رڈار بھی موجود تھے۔ کویتی اخبار الجریدہ کے مطابق عراقی سیکیورٹی افسران نے مزید بتایا کہ ایرانی آلات کثیر المقاصد تھے۔ چند روز قبل ایران کے وزیر مواصلات نے اقرار کیا تھا کہ عراقی سیکیورٹی اداروں نے عراق میں نصب جاسوسی کے ایرانی آلات اکٹھے کئے ہیں ۔ یہ آلات عراقی اراضی میں نصب کئے گئے تھے۔ ایرانی وزیر نے آلات نصب کرنے کا جواز یہ بیان کیا کہ ہمارا مقصد عراقی شہر کربلا میں چالیسویں پر زائرین کیلئے انٹرنیٹ اور موبائل رابطہ لائنوں کو محفوظ کرنا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب ہی نے رڈار جاسوسی اور رابطے کے انتہائی ترقی یافتہ آلات نصب کئے تھے۔ یہ ایران سے بصرہ، نجف اور کربلا تک کی تمام شاہراہوں کا احاطہ کئے ہوئے تھے۔ یہ ایران کے جنوبی ساحلوں پر موجود وسیع و عریض نیٹ ورک سے جڑے ہوئے تھے۔ یہ آلات سعودی عرب اور خلیج کے تمام ممالک میں کوریج کی اہلیت رکھتے تھے۔ ایرانی وزیر نے بتایا کہ ہمارے کارندوں نے ایران سے عراق، شام اور لبنان تک برقی اور مواصلاتی لائنوں کا نیٹ ورک نصب کرنا شروع کردیا ہے۔ مذکورہ ممالک کی حکومتوں کے ساتھ ایران اس سلسلے میں مذاکرات بھی کررہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے نیٹ ورک کیلئے مذکورہ ممالک کی حکومتوں کی منظوری ضروری ہے کیونکہ یہ آلات کثیر المقاصد ہیں۔ 

شیئر: