Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: ہولناک جرائم میں اب بچے بھی

 نیویارک ..... ہولناک جرائم اب صرف بڑے لوگوں تک محدود نہیں رہے کیونکہ اب نابالغ بچے بھی اس میں پوری طرح ملوث ہوتے جارہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ ایلمہسٹ کے علاقے میں واقع انٹرمیڈیٹ اسکول کے 2 بچوں نے جن کی عمریں 12 سال کے لگ بھگ ہیں کسی بات پر اسکول سے ناراض ہوکر یا اسکول میں اپنی سرزنش کا انتقام لینے کیلئے پورے اسکول کی تباہی کا ہولناک منصوبہ بنایا۔ انہوں نے اسکول تباہ کرنے کی غرض سے راکٹ لانچر ، گرینیڈ اور بارودی سرنگوں کا بھی بندوبست کررکھا تھا اور اسکی ساری تفصیلات ایک نوٹ بک میں درج کردی تھیں جو اسکول کے جمنازیم میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جمنازیم جانے والے طلباءاور انسٹرکٹر میں سے کسی کی نظر اچانک اس نوٹ بک پر پڑی اور پورے اسکول میں سنسنی پھیل گئی۔ حکام کو خبر دی گئی تو وہ بھی حرکت میں آگئے اور 12سال کے دو بچوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ یہ بہت ہی ہولناک واقعہ تھا۔ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہناہے کہ انہیں اتنے کم عمر بچوں کی جانب سے ایسی منصوبہ بندی کی کوئی توقع نہیں تھی اور اب تک انہیں یقین نہیں آرہا کہ انہوںنے ایسا کوئی منصوبہ بنایا ہوگا۔ مگر نوٹ بک پر انکی تحریریں موجود ہیں اور دونوں بچوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ اطمینان کی بات یہ ہے کہ اعلیٰ حکام نے یہ نتیجہ اخذ کرلیا ہے کہ انکی ساری منصوبہ بندی نوٹ بک تک محدود تھی نہ تو وہ عملی طور پر کوئی اسلحہ حاصل کرسکے اور نہ ہی انکے پاس سے کوئی دھماکہ خیز اشیا ءیا مہلک ہتھیار برآمد ہوئے اس لئے اسکول کو محفوط و مامون قرار دیا جاسکتا ہے۔ محکمہ تعلیم کی ترجمان کا کہناہے کہ ہمارے لئے سیفٹی اولین اہمیت رکھتی ہے او راس قسم کے پریشان کن واقعات سنجیدہ توجہ کے مستحق ہیں۔ اسلئے محکمہ پولیس اور محکمہ تعلیم دونوں کے اعلیٰ اہلکار اب بھی یہ جاننے میں مصروف ہیں کہ ان بچوںکے خلاف کیا کارروائی کی گئی اور یہ کہ انہوں نے خود ہی یہ منصوبہ بنایا تھا یا کسی نے انکی مدد کی تھی۔

شیئر: