Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہار ماننے والا نہیں ہوں، نوازشریف

ایبٹ آباد...سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں ہار جاوں گا تو ان کی بھول ہے۔ ہارماننے والا نہیں ہوں۔ میرا اور عوام کا تعلق کوئی عدالتی فیصلہ نہیں توڑ سکتا۔ایبٹ آباد کا آج کا جلسہ ریفرنڈم ہے۔عوام نے میرا سرفخرسے بلند کردیا۔میری نظرثانی اپیل کا فیصلہ پاکستانی قوم دے گی۔ اتوار کوایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو دیکھ کر 2013 کا دور یاد آرہا ہے۔ اس وقت بھی عوام نے اسی محبت کا اظہار کیا تھا ۔ آج بھی عوام اسی جذبے سے مجھ سے دلی محبت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 2013 سے قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی۔ امن و امان کی صورتحال بدتر ہونے سے ملکی معیشت ڈوب رہی تھی ۔عوام کو امن کا تحفہ دے کر بیرونی سرمایہ کاری لائے۔ بجلی کے نئے منصوبے لگا کر عوام کو لوڈشیڈنگ کی مصیبت سے چھٹکارا دلایا۔ عوام کی خدمت کرکے عوام کی محبت سمیٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عہدہ سنبھالتے ہی دھرنوں کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم ترقی اور خوشحالی کے کاموں میں لگے رہے پھر پانا مہ کا تماشا لگا دیا گیالیکن میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن کا ثبوت نہ مل سکا۔ جب ساری کوششیں ناکام ہوگئیں تو کہا بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی۔ اس لئے نااہل کیا جاتا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعظم ہاوس چھوڑا اور گھر چلا گیا لیکن عوام نے اس فیصلے کو قبول کرنے سے انکار کردیا کیوں کہ 4 ، 5 لوگ کروڑوں عوام کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کھیل پہلے بھی کھیلے جاچکے۔جمہوریت باربارپٹری سے اترتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی گونگایابہرا نہیں ،ایک ایک چیز کا حساب لیاجائے گا۔

شیئر: