Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افریقی طوطا مالک بن گیا

لندن  .....  طوطے اپنی چالاکی او رمالکوں کے ساتھ اظہار   وفاداری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں تاہم کبھی کبھار مالکوں کے ساتھ وفاداری اس حد تک پہنچ جاتی ہے کہ  وہ اپنی اوقات بھی بھول جاتے ہیں۔  ایسا ہی کچھ  یہاں  جاری ہونیوالی ایک  وڈیو میں نظر آنے  والا طوطا کار فضول میں مصر وف نظر آیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرا نامی یہ طوطا جو  بھورے رنگ کے  افریقی نسل کے طوطوں سے تعلق رکھتا ہے  مالک کی عدم موجودگی میں پورے گھر کے چکر لگاتا رہتا ہے اور اس بات پر نظررکھتا ہے کہ کوئی ملازم بے وقت آرام تو نہیں کررہا یا اپنے کام میں غفلت کا مرتکب تو نہیں ہورہا۔  جاری ہونے والی  وڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ طوطا گھر کے ایک نوکر کو مالک کے کمرے کی لائٹس بجھانے کا حکم دیتا نظر آرہا ہے۔  وہ  اس وقت تک لائٹ بجھاؤ، لائٹ بجھاؤ کی رٹ لگاتا رہا جب تک لائٹس آف نہیں کردی گئیں۔  اپنے حکم کی تعمیل ہوتے دیکھ کر طوطے کو خوشی ہوئی اور وہ قہقہے لگاتا نظرآیا۔ کہا جاتا ہے کہ  پیٹرا نامی یہ طوطا ذہین اور چالاک  بھی ہے اور اس نے اپنی حرکتوں سے ثابت کیا ہے کہ  وہ خانہ داری کے چھوٹے موٹے کام کسی انسان کی مدد کے بغیر خود بھی  باآسانی انجام دے سکتا ہے۔ لائٹ جب بجھانے کے بعد جب  وہ نوکروں سے  مزے لینے کیلئے وہ انہیں دوبارہ لائٹ  جلانے کا حکم بھی دیتا نظر آتا ہے اور پھر وہ اپنے مالک کے مشہور جملے کو  دہراتا ہے جس میں  وہ اپنے طوطے اور  دوسرے پالتو جانوروں سے یہ پوچھتا رہتا ہے کہ تمہیں تازہ پانی کی  ضرورت تو نہیں؟ واضح ہو کہ یہ  طوطا جس نسل سے تعلق رکھتا ہے وہ برطانیہ کا مقبول اور گھریلو  طوطا ہے  اور اس کی عمر 50سے 60سال تک ہوتی ہے۔  ذہنی طور پر اسکا  مزاج کسی 2سالہ بچے کی  طرح ہے  اور ذہانت کے  اعتبار سے یہ 5سالہ بچے کی  ہمسری کرسکتا ہے۔

شیئر: