Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لدھیانہ : آتشزدگی سے فیکٹری کی عمارت زمین بوس،15افراد دب گئے،ایک ہلاک

    لدھیانہ۔۔۔۔۔پنجاب کے صنعتی شہر  میں  ایمرسن پولیمرز  فیکٹری میں آگ لگنے  کے باعث  عمارت زمین بوس ہوگئی جس میں 15 افراد  کے دبنے کی اطلاعات ہیں جبکہ ملبے سے ایک لاش  نکال لی گئی ہے۔   ملبے کے نیچے جو  افراد   دبے  ہوئے ہیں ان میں  فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔   اس فیکٹری میں   پلاسٹک  بیگز تیار کئے جاتے تھے  جن میں اچانک  آگ  لگنے سے  پوری عمارت  تباہ ہوگئی اور اس کا ملبہ نیچے آگیا چونکہ عمارت گرنے کا  واقعہ اچانک پیش آیا اسلئے آگ بجھانے  والے  فائر بریگیڈ کے اہلکار اور  دیگر لوگ  اس کی زد میں آگئے۔  پیر کی صبح سویرے  جیسے ہی فیکٹری کھلی  تو کہا جاتا ہے کہ   ایک کونے میں رکھے  پلاسٹک بیگوں میں اچانک  آگ بھڑک اٹھی تاہم یہ  پتہ نہیں چل سکا کہ آگ کیسے لگی۔     نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس  کے  اہلکاروں نے  امدادی کارروائی شروع کردی ہے  جبکہ  بارڈر سیکیورٹی فورس اور پنجاب آرمڈ پولیس کے اہلکاروں کو بھی  جالندھر سے  لودھیانہ  طلب کرلیاگیا ہے۔  پولیس کمشنر  آر این ڈوھک نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ  مرنے والے کی  شناخت اندر پال سنگھ کے طور پر کی گئی ہے  چونکہ  ابھی  امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور  فیکٹری کے ملبے سے  دبے ہوئے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوشش ہورہی ہے  اسلئے  اس بات کا خدشہ ہے کہ  مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔   انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ  فائر بریگیڈ محکمہ کے  ذمہ داران  راجندر شرما ،  سوموہن گل اور  راج کمار لاپتہ ہیں  اس لئے خیال کیا جاتا ہے کہ  وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔   انہوں نے کہا کہ پہلے  آگ کو بجھانے کیلئے فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں لیکن  عمارت کمزور  تھی اسلئے وہ نیچے  آگری ۔  ایک اندازے کے مطابق 15 افراد  ملبے کے نیچے آگئے۔ پنجاب حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے  اور  ضلع کمشنر کو حکم دیا ہے کہ  وہ  ملبے سے  نکالے جانے والے زخمی افراد کا  علاج مفت کرائیں ۔

شیئر: