Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق ومبلڈن چیمپیئن جینا نووٹنا زندگی کی بازی ہارگئیں

پراگ: سابق ومبلڈن چیمپیئن جینا نووٹنا کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا رہنے کے بعد 49 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہارگئیں۔ اس کا اعلان پیر کو ڈبلیو ٹی اے نے کیا۔ نووٹنا نے 1998 ء میں فرانس کی نتھالی توزیٹ کو شکست دے کر آل انگلینڈ کلب کی فاتح بننے کا اعزاز پایا تھا، ان کی موت جمہوریہ چیک میں ہوئی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 3 بار ومبلڈن سنگلز فائنل میں رسائی حاصل کی۔ انھیں 1993 میں اسٹیفی گراف جبکہ 1997 میں مارٹینا ہنگز نے ہرا دیا تھا۔انھوں نے4ویمنز ڈبل ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے، جس میں 1989 اور1990 میں ہموطن ہیلینا سوکووا فتح میں شریک رہیں۔ 1995 میں ارانتکسا سانچز اور 1998 میں مارٹینا ہنگز کے ساتھ انھیں ڈبلز ٹرافی میں کامیابی ملی ۔ انھوں نے سیزن کے تمام چاروں گرینڈ سلام میں ڈبلز ٹائٹلز جیتے۔ 2 اکتوبر1968 کو پیدا ہونے والی نووٹنا نے کیریئر میں 24 سنگلز اور76 ڈبلز ٹورنامنٹس جیتے، ان کا کیریئر 1987 سے1999تک جاری رہا۔انھوں نے سابق چیکوسلواکیہ کیلئے فیڈریشن کپ کی ٹرافی بھی1988 ءمیں حاصل کی تھی۔

شیئر: