Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک میں جوڈیشل مارشل لا ہے،جاوید ہاشمی

اسلام آباد... بزرگ سیاسی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں جوڈیشل مارشل لا ہے۔ ملکی تاریخ میں سپریم کورٹ نے سب کو نااہل کیا۔ صرف ا سے نااہل نہیں کیا جس نے آئین کو توڑا۔ کارگل کے وقت نوازشریف کی امریکہ سے واپسی پر پی ایف بیس پر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ آپ نے ہمیں بچا لیا۔ 4 دن بعد کہہ دیا کہ میدان میں جیتی جنگ، ٹیبل پر ہار دی۔ نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں انہوں نے کہا کہ آج بدقسمتی سے ملک مسائل سے دوچار ہے۔ ہر آنے والا دن ان کے مسائل اضافہ کرتا جا رہا ہے۔ ہمارے ادارے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کر کے دوسروں کے کام میں مداخلت کر کے اپنے اصل کام کو چھوڑ چکے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ عدالتوں نے 70 کے قریب سیاستدانوں کو نااہل قرار دیا۔ محمد علی بوگرا نے ایک آرڈر کے ذریعے ان نااہل افراد کو اہل قرار دے دیا۔ سیاستدان بھی دوسروں کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے ہیں۔ جنرل ہوں یا جج ہر کسی نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ادارے یا فرد کے خلاف نہیں ہوں۔ بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لیکر اب تک پاکستان کے ساتھ جو کھلواڑ ہو رہا ہے اسے بند ہو جانا چاہئے۔ ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے۔ سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا۔ 

شیئر: