Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان طالبان مذاکرات کی میز پر آئیں، ملیحہ لودھی

نیویارک... اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ افغان طالبان مذاکرات کی میز پر آئیں ۔ جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ مذاکرات اور فوجی طاقت کا استعمال ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے۔دونوں کا ایک ساتھ استعمال افغانستان میں عدم استحکام اور افغان عوام کے مصائب میں اضافہ کرے گا۔پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے مسئلہ کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور وہ جنگ سے تباہ حال اس ملک میں امن مذاکرات کے فروغ کے لئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔دنیا کے طاقتور ممالک کی طرف سے گزشتہ 16 سال کے دوران فوجی طاقت کے استعمال کے باوجود افغانستان میں امن قائم نہیں کیا جا سکا۔عالمی برادری یقیناً افغانستان میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے لیکن اس عمل کی قیادت افغان عوام کے ہاتھ میں ہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے کی جانے والی ہر کوشش میں حصہ لیا۔انہوں نے افغان طالبان سے بھی اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کر کے مذاکرات کی میز پر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیش رفت اس وقت ہو سکتی ہے جب افغان فریق بھی اس بات سے متفق ہوں کہ امن فوجی طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ غیر مشروط مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔پاکستان افغان جنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس نے لاکھوں افغان مہاجرین کے کئی عشروں سے اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے۔

شیئر: