Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں طوفانی بارش، سڑکیں زیر آب،انڈر پاسز بند، نظام زندگی مفلوج

   اہل جدہ کو 2009 کی بارش یاد آگئی ، محکمہ شہری دفاع نے برساتی پانی میں پھنسے 400 افراد کو امدادمہیا کی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں، شہروں ،قصبوںاور بستیوں میں منگل کو بارش نے زندگی کا نظام درہم برہم کردیا۔ مکہ مکرمہ ریجن میں منگل کو ہونےوالی موسلا دھار بارش سے شہری زندگی جزوی طور پر مفلوج ہو گئی۔ جدہ ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید کے مطابق بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 7افراد متاثر ہوئے ان میں سے 2جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جدہ میں ایک مکان کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔3افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے انہیں نکال لیا گیا۔جدہ کے کئی محلوں میں دوپہر12بجے بجلی غائب ہوگئی۔ کاپی پریس میں جانے تک بجلی کی بحالی ممکن نہیں ہوسکی تھی۔ مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ہدایت جاری کی ہے کہ جدہ کے جو اسکول منگل کو بارش سے متاثر نہیں ہوئے وہ بدھ کے روز تعلیم کیلئے کھول دیئے جائیں۔ اسکول کے منتظمین اس سلسلے میں تعلیم و تربیت کے دفاتر سے یکجہتی پیدا کریں۔ ایسے اسکول جو متاثر ہوئے ہیں یا جن تک رسائی مشکل ہے وہ بدھ کو بند رکھے جائیں۔ دریں اثناءجدہ محکمہ تعلیم نے شہر کے تمام اسکولوں کو بدھ کے دن بھی بند رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ جدہ میں آج بدھ کو بھی پاکستانی اور ہندوستانی اسکول بند رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگی اطلاع کے مطابق ریجن میں تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کر دی گئی تھی ۔ حالیہ بارش نے اہل جدہ کو 2009 ءمیں ہونے والی تباہ کن بارش کی یاد تازہ کر دی ۔تفصیلات کے مطابق بارش کا آغاز جدہ کے شمالی علاقے سے ہوا جہاں صبح 8 بجے گہرے بادل چھا گئے ۔ شمالی علاقے میں سے شروع ہونے والی بارش جلد ہی دیگر علاقوں تک پہنچ گئی ۔ موسلا دھار بارش سے بیشتر انڈر پاس بھر گئے تھے ۔ شہری دفاع نے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے برساتی پانی سے بھر جانے والے انڈر پاس بند کر دیئے جبکہ بلدیہ اور شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس انڈر پاس سے پانی نکالتے رہے ۔ نکاسی آب کےلئے بلدیہ اور شہری دفاع کے خصوصی یونٹ تعینات کئے گئے تھے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والے ساھر سسٹم کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگی اطلاع موصول ہونے پر محکمہ نے ہنگامی اقدامات کئے تھے جس کے سبب فوری طور پر امدادی یونٹس نے برساتی پانی میں پھنس جانے والوں کو امداد مہیا کی ۔ منگل کی شام تک جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق محکمہ شہری دفاع کو جدہ ، رابغ اور ثول کے علاقوں سے 1425 امدادی کالز موصول ہوئیں جن میں کرنٹ لگنے اور برساتی پانی میں پھنس جانے والے شامل تھے ۔ کرنٹ لگنے کے 250 واقعات پیش آئے جن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ۔ جدہ ریجن میں برساتی پانی میں پھنس جانے والے 400 افراد کو امداد مہیا کی گئی جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو سڑک پر پانی بھر جانے سے اپنی گاڑیوں میں پھنسے ہوئے تھے ۔ امسال امدادی واقعات میں فلپائنی کارکن کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں اس نے پانی سے ڈوبی ہوئی ایک شاہراہ پر گاڑی میں محصور ہوجانے والے سعودی کو گود میں اٹھا کر کنارے پر پہنچا دیا ۔ محکمہ شہری دفاع نے نشیبی علاقوں میں پھنس جانے والوں کی امداد کےلئے خصوصی کشتیاں استعمال کیں جن کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔ شہر کی بیشتر شاہراہوں پر دسیوں گاڑیاں پانی بھر جانے سے بند ہوگئیں ۔ ہوٹل اور مارکیٹوں میں لوگوں کی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر رہی ۔

شیئر: